برطانیہ میں 2 ہزار سال قدیم نجی جزیرہ فروخت کے لیے پیش
پلائی ماؤتھ: ڈیون کے ساحل کے قریب 6 ایکڑ پر مشتمل نجی ساحل سمندر، قلعہ اور لگژری ہوٹل کے منصوبے کے ساتھ ایک جزیرہ مارکیٹ میں فروخت کے لیے پیش کردیا گیا ہے۔
ڈریک نامی جزیرہ، پلائی ماؤتھ سے صرف 600 گز کے فاصلے پر واقع ہے، جو سیکڑوں سال تک فوجی دفاع کے طور پر استعمال ہوتا رہا۔
اس جزیرے پر 18 ویں صدی کی توپیں اب بھی پوزیشن میں رکھی ہوئی اور فروخت میں شامل ہیں۔
اس جزیرے پر ساحل سے کشتی کے ذریعے پہنچنے میں 10 منٹ سے بھی کم وقت لگتا ہے۔ پرانی بیرکوں سے لے کر توپ خانے کی بیٹریوں تک شیل شافٹ اور زیر زمین بارودی کمرے بھی اس جزیرے پر شامل ہیں۔
اس کی 2 ہزار سال سے زیادہ پرانی تاریخ ہے۔ پہلا ریکارڈ اس عمارت کا 1135 میں ملتا ہے۔ موجودہ مالک مورگن فلپس کہتے ہیں کہ یہ ماضی میں جوہری حملوں سے حفاظت فراہم کرنے والا مقام بھی تھا۔ شاید اسی لیے ہسپانوی آرماڈا یہاں کبھی نہیں آیا۔
مسٹر فلپس نے 2019 میں یہ جزیرہ 6 ملین پاؤنڈ میں خریدا اور اب 43 بیڈرومز ہوٹل کے منصوبے کے لیے رضامندی بھی دے دی ہے۔