نواز شریف کی جعلی ویکسی نیشن پر 2 اعلیٰ افسران معطل
لاہور: علاج کے بہانے لندن سدھارنے والے سابق وزیراعظم نواز شریف کی لاہور میں کورونا کی جعلی ویکسی نیشن ہونے پر 2 اعلیٰ افسران کو معطل کردیا گیا۔
کورونا ویکسین کے غلط اندراج پر محکمہ اسپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر پنجاب نے لاہور میں کوٹ خواجہ سعید ہسپتال کے ایم ایس ڈاکٹر احمد ندیم کو معطل کردیا۔ اسپتال کے سینئر میڈیکل آفیسر ڈاکٹر منیر احمد کو بھی غفلت اور نااہلی کے باعث معطل کرتے ہوئے محکمہ صحت میں فوری رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
میاں منشی ہسپتال کے ایڈیشنل پرنسپل میڈیکل آفیسر ڈاکٹر محمد اعجاز بٹ کا کوٹ خواجہ سعید ہسپتال میں تبادلہ کردیا گیا اور انہیں ایم ایس کا اضافی چارج دے دیا گیا۔ محکمہ اسپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر نے اس ضمن میں نوٹیفکیشن جاری کردیا۔
خیال رہے کہ سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف لندن میں مقیم ہیں، لیکن پاکستان میں این سی او سی کے سرکاری ریکارڈ کے مطابق انہیں 22 ستمبر 2021 کو لاہور کے ایک ہسپتال میں کورونا ویکسین لگائی گئی۔ اس واقعے سے ملک میں جعلی طریقے سے کورونا ویکسی نیشن کے اندراج کے خدشات زور پکڑنے لگے ہیں۔