190 ملین پاؤنڈ اسکینڈل کیس: بشریٰ بی بی کی نیب پیشی سے معذرت
اسلام آباد: سابق وزیراعظم عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے 190 ملین پاؤنڈ اسکینڈل کیس میں نیب میں پیش ہونے سے معذرت کرلی۔
قومی احتساب بیورو نے پی ٹی آئی سربراہ عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو 190 ملین پاؤنڈ اسکینڈل میں طلبی کا نوٹس جاری کیا تھا، جس پر انہوں نے نیب کے دفتر میں پیش ہونے سے معذرت کرلی۔
بشریٰ بی بی نے اپنے وکیل نعیم پنجوتھا کے ذریعے نیب کو خط لکھا ہے، جس میں انہوں نے نیب سے آئندہ ہفتے نوٹس جاری کرنے کی درخواست کی ہے۔
خط میں کہا گیا کہ آج ڈھائی بجے نیب دفتر پیش ہونے کے لیے 3 نومبر کو نوٹس جاری کیا گیا، چند وجوہ کے باعث آج نیب دفتر پیش نہیں ہوسکتی، اس لیے نیب میں پیشی سے متعلق التوا کی درخواست ہے۔
بشریٰ بی بی کے خط میں مزید کہا گیا کہ قانون کی بالادستی کے لیے نیب کے ساتھ مکمل تعاون کی یقین دہانی کرواتی ہوں، نیب تحقیقات کی اہمیت کو سمجھتی ہوں لہٰذا پیشی آئندہ ہفتے مقرر کی جائے۔