102 سالہ جوڑے کی شادی کی 80 ویں سالگرہ
پنسلوانیا: امریکا سے تعلق رکھنے والے ایک پُرانے شادی شدہ جوڑے نے رواں ہفتے اپنی شادی کی 80 ویں سالگرہ منائی جب کہ میاں بیوی دونوں کی عمریں 102 سال بتائی جاتی ہیں۔
امریکی ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ امریکا کی ریاست پنسلوانیا سے تعلق رکھنے والے میاں بیوی دونوں 102 سال عمر کے حامل ہیں اور 80 سال سے رشتہ ازدواج سے منسلک اور خوش حال زندگی گزار رہے ہیں۔
رابرٹ اور ایڈتھ مائی شاؤم کی 1936 میں ہائی اسکول میں ملاقات ہوئی اور 1942 میں دونوں نے شادی کرلی۔ 26 دسمبر کو انہوں نے شادی کی 80 ویں سالگرہ منائی، تاہم ورلڈ ریکارڈ اب بھی ان کے پاس نہیں۔
دونوں جسمانی طور پر مکمل فٹ اور اپنے امور کی انجام دہی بھی کرتے ہیں۔
خیال رہے کہ طویل مدتی شادی کا گنیز ورلڈ ریکارڈ ہربرٹ اور زیلمائرا فشر نامی جوڑے کے پاس ہے، سال 2011 میں جب ہربرٹ فشر کا انتقال ہوا تب ان کی شادی کو 86 سال 290 دن بیت چکے تھے۔