برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے بھارت کا دورہ اچانک منسوخ کر دیا

لندن : برطانیہ کے وزیراعظم بورس جانسن نے اپنا دورہ بھارت اچانک منسوخ کردیا ہے۔ بورس جانسن کو بھارت کے دورے کے لیے آئندہ ہفتے نیو دہلی روانہ ہونا تھا۔

برطانوی خبر رساں ایجنسی روئٹرز نے خبر دی ہے کہ وزیراعظم کے دفتر سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ یہ دورہ بھارت میں کورونا وائرس کے مریضوں میں بڑے پیمانے پر اضافے کے پیش نظر منسوخ کیا گیا ہے۔

برطانوی خبر ایجنسی کے مطابق ڈین ڈاؤننگ اسٹریٹ سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم بورس جانسن آئندہ ہفتے اپنے طے شدہ دورہ بھارت کے لیے روانہ نہیں ہو سکیں گے۔ اب دونوں ممالک کے وزرائے اعظم نریندر مودی اور بورس جانسن مستقبل میں بھارت اور برطانیہ کے درمیان اشتراک پر رواں ماہ بات کریں گے۔

دوسری جانب فرانسیسی خبر رساں ادارے نے بھی وزیراعظم بورس جانسن کا دورہ بھارت منسوخ ہونے کی خبر جلی حرورف میں شائع کی ہے اور بتایا ہے کہ برطانوی وزیراعظم کو 26 اپریل کو بھارت کے دورے پر روانہ ہونا تھا، جہاں ان کا قیام تین روز تک طے تھا۔یہ بورس جانسن کا 2019 میں اقتدار میں آنے کے بعد پہلا بڑا دو طرفہ غیرملکی دورہ تھا، جسے منسوخ کردیا گیا ہے۔

 

 

خیال رہے کہ بھارت میں گزشتہ 5 روز سے مسلسل دو لاکھ سے زائد کورونا کیسز رپورٹ ہو رہے ہیں جبکہ دارالحکومت نئی دہلی میں اسپتالوں میں کورونا مریضوں کے لیے بستر بھی کم پڑ گئے ہیں۔ بھارت میں کورونا مریضوں کی مجموعی تعداد ایک کروڑ 50 لاکھ کے قریب پہنچ چکی ہے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔