متنازعہ بیان کا الزام، مودی کے ناقد معروف مسلمان اداکار گرفتار
ممبئی: بگ باس سے شہرت حاصل کرنے والے اداکار اعجاز خان کو ممبئی پولیس نے گرفتار کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق نریندر مودی پر تنقید کے لیے مشہور اداکار پر فیس بک لائیو سیشن میں فرقہ ورانہ تبصرے کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔
ماضی میں بھی تنازعات کا شکار رہنے والے اعجاز خان نے اپنے لائیو سیشن میں کہا تھا کہ اگر بھارت میں چونٹی مر جائے، ہاتھی مر جائے، زلزلہ آجائے، تو مسلمانوں کو مورد الزام ٹھہرایا جاتا ہے، مگر باندرا میں ہزاروں افراد کو اکٹھا کرنے کی سازش کس نے کی تھی۔
خیال رہے تھے کہ چند روز قبل دیگر شہروں سے تعلق رکھنے والے ممبئی میں مقیم ہزاروں مزدور اپنے شہروں کو واپس جانے کے لیے باندرا اسٹیشن پر امڈ آئے تھے، جس کی وجہ یہ افواہ تھی کہ ریل سروس بحال ہوگئی ہے، ساتھ ہی مختلف فیس بک پوسٹوں میں مزدوروں کو اپنے شہر لوٹنے کے لیے اکسایا گیا تھا۔
اعجاز خان کی جانب سے اس واقعے پر تنقید اور مسلمانوں پر ہر الزام دھرنے کے منفی رویے پر تنقید انتہاپسند حلقوں کو شدید ناگوار گزری اور ٹویٹر اور فیس بک پر ان کی گرفتاری کا مطالبہ ٹرینڈ کرنے لگا۔ بعد ازاں ممبئی پولیس نے انھیں گرفتار کر لیا۔
خیال رہے کہ اعجاز خان ماضی میں بھی مسلمانوں کے حق میں پوسٹ کرتے رہے ہیں اور وہ مودی کے ناقد تصور کیے جاتے ہیں۔