یکم جون سے قبل کھیلوں کا انعقاد ممکن نہیں، حکومت برطانیہ
لندن: حکومت برطانیہ نے اعلان کیا ہے کہ ملک میں یکم جون سے قبل کسی قسم کے کھیلوں کا انعقاد ممکن نہیں ہوگا۔ اس ضمن میں ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔
برطانوی حکومت کی جانب سے کورونا وائرس کی وبائی صورت حال کے پیش نظر عائد لاک ڈاؤن کو آہستہ آہستہ ختم کرنے کے بارے میں 50 صفحات پر مشتمل ایک ہدایت نامہ جاری کر دیا گیا، جس میں کھیلوں کے انعقاد کے بارے میں بھی بتایا گیا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اس ہدایت نامے میں کہا گیا ہے کہ کھیلوں کے میدان آباد ہونے کا دارومدار کورونا وبا کے خاتمے یا کم ہونے پر منحصر ہے۔
یاد رہے کہ برطانیہ میں فٹ بال انتظامیہ نے تمام مقابلے 13 مارچ سے معطل کیے ہوئے ہیں تاہم انہیں جون میں کھولے جانے کا امکان ہے۔ اس کے علاوہ کرکٹ، گھڑ دوڑ، رگبی، فارمولا ون ریسنگ اور باکسنگ سمیت دیگر مقابلے بھی موخر کیے جا چکے ہیں۔