ہتک عزت کا مقدمہ، شہباز کی درخواست پر وزیراعظم کو نوٹس جاری
اسلام آباد: قائد حزب اختلاف شہباز شریف کی درخواست پر وزیراعظم عمران خان کے خلاف ہتک عزت کے مقدمے میں 10 جون کے لیے پیروی کا نوٹس جاری کردیا گیا ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق ایڈیشنل ڈسٹرکٹ جج لاہور محمد سہیل انجم نے شہباز شریف کی درخواست پر وزیراعظم عمران خان کو 10 جون کے لیے پیروی کا نوٹس جاری کیا ہے۔ شہبازشریف نے درخواست میں موقف اختیارکیا تھا کہ ڈاکٹر بابر اعوان مشیر بننے کے بعد مقدمے میں پیروی نہیں کرسکتے، لیگل پریکٹیشنرز اینڈ بار کونسلز رولز 1976 کے تحت کسی اورشعبہ یا نوکری اختیار کرنے پر وکالت کا سرٹیفکیٹ معطل ہوجاتا ہے، تقرری کے ایک ماہ تک پیشہ کی تبدیلی سے آگاہ نہ کرنے والا وکیل مس کنڈکٹ کا مرتکب ٹھہرتا ہے، پروفیشنل مس کنڈکٹ کے مرتکب وکیل کا نام وکلاء کی فہرست سے ہٹادیا جاتا ہے، عمران خان کے نائب وکیل کو عدالت میں جھوٹی گواہی پر جرمانہ کیا جائے۔
شہباز شریف نے درخواست میں مزید کہا کہ 3 سال سے مقدمہ کی سماعت جاری ہے لیکن عمران خان نے تحریری جواب تک جمع نہیں کرایا، 60 سماعتوں میں 33 مرتبہ عمران خان نے التواء کی درخواستیں دائرکیں۔
درخواست کے مطابق عدالتی آرڈر شیٹ عمران خان کے غیر سنجیدہ اور لاپروا رویہ کا منہ بولتا ثبوت ہے، جون کو پھر التوا کی درخواست کی گئی کہ عمران خان کے وکیل بابر اعوان کورونا کی وجہ سے اسلام آباد سے لاہور نہیں آسکتے، عمران خان کے وکیل کی طرف سے عدالت کے سامنے یہ بیان دروغ گوئی اور جھوٹی گواہی کے مصداق ہے۔ عمران خان کو ذاتی حیثیت میں پیروی کا نوٹس جاری کیا جائے۔
یاد رہے کہ شہباز شریف نے 10 ارب کا الزام عائد کرنے پرعمران خان کے خلاف ہرجانے کے مقدمے کی جلد سماعت کی درخواست دائر کی تھی۔