کورونا کا امریکی فوج پر بڑا حملہ، 700 اہل کار متاثر
واشنگٹن: کورونا وائرس نے سپرپاور کو اپنے نشانے پر رکھ لیا، دنیا کے دیگر ممالک پر فوج کشی کرنے والے امریکا کی اپنی فوج نے عالمی وبا کے سامنے ہتھیار ڈال دیے۔
تفصیلات کے مطابق جدید ترین ہتھیاروں سے لیس امریکی فوج بھی کورونا وائرس کے سامنے بے بس ہوگئی۔
کورونا کے باعث ایک فوجی جان کی بازی ہار گیا ہے جب کہ 700 سے زائد فوجی متاثر ہو چکے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق امریکی بحری بیڑے پر کورونا کی وبا تیزی سے پھیلنے لگی ہے، 70 سے زائد نیوی سیلرز کورونا میں مبتلا ہو چکے ہیں۔
خیال رہے کہ امریکا میں کورونا وائرس کے ایک لاکھ 86 ہزار سے زائد کیسز سامنے آچکے ہیں، جو سب سے بڑی تعداد ہے۔ اب تک 4 ہزار امریکیوں کی زندگیاں اس عفریت کا شکار ہوچکی ہیں۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ملک میں وبا سے دو لاکھ سے بھی زائد افراد کی ہلاکت کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔