نامور فن کار اور ادیب، اطہر شاہ خان طویل علالت کے بعد وفات پاگئے
دنیائے فن کی ممتاز شخصیت اطہر شاہ خان عرف جیدی جہان فانی سے کوچ کر گئے، ان کا شمار پی ٹی وی کے چوٹی کے فن کاروں میں ہوتا تھا۔
اطہر شاہ خان یکم جنوری 1943 کو ریاست رام پور میں پیدا ہوئے، کم سنی میں والدین کا سایہ اٹھ گیا، بڑے بھائی سلیم شاہ خان نے ان کی کفالت کی، بچپن سے مطالعے کا شوق تھا۔
لاہور سے ابتدائی تعلیم حاصل کی، کراچی میں اردو سائنس کالج سے گریجویشن کیا۔ بعد ازاں انہوں نے پنجاب یونیورسٹی سے صحافت کے شعبے میں ایم اے کی ڈگری لی، ہومیوپیتھک ڈاکٹر کی سند بھی ان کے پاس تھی۔
اطہر شاہ خان نے بہ طور ڈراما نگار ٹی وی اور اسٹیج سے اپنا سفر شروع کیا۔ ان کے تحریر کردہ مزاحیہ ڈراموں بے پناہ مقبول ہوئے۔
پھر اداکاری کی سمت آئے، جیدی کا یادگار کردار تخلیق کیا، جیدی کے کردار پر محیط ڈراما ہائے جیدی بہت مقبول ہوا اور متعدد بار ری پرڈیوس کیا گیا۔
حکومت پاکستان نے اطہر شاہ خان کو 2001 میں صدارتی اعزاز برائے حسن کارکردگی عطا کیا، پاکستان ٹیلی ویژن نے اپنی سلور جوبلی کے موقع پر انھیں گولڈ میڈل عطا کیا تھا۔