غریب عوام کوریلیف پہنچانا عمران خان کاعزم ہے، فردوس عاشق اعوان
اسلام آباد: فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ غریب، نادار اور پس ماندہ علاقوں کے عوام کوریلیف پہنچانا عمران خان کاعزم ہے۔وزیراعظم کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ کل سے احساس ایمرجنسی پروگرام کا باقاعدہ آغازکردیا گیا ہے۔ ادائیگیوں کویقینی بنانے کے لیے ملک بھرمیں 17 ہزارمراکزقائم کیے جاچکے ۔ 144 ارب میں اب تک 49.2 ارب روپے بینکوں کومستحقین کے لیے ریلیزہوچکے ہیں۔ کورونا وبا کے باعث جوخاندان معاشی طورپر بری طرح متاثر ہوئے، حکومت ان کے ساتھ کھڑی ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت مشکل حالات میں قوم کوتنہا نہیں چھوڑے گی۔ وزیراعظم کا بلوچستان کا دورہ پسماندہ اور دور افتادہ علاقوں میں کورونا وائرس کے خلاف جاری قومی کاوشوں کو تقویت دینا ہے۔ متحد ہوکرچیلنج پرقابوپائیں گے اورسرخرو ہوں گے۔ وزیراعظم نے بلوچستان کے عوام کے لیے اشیائے خورونوش کی بلاتعطل فراہمی اور صوبے بھر میں مستحقین کی خاطر راشن کی بروقت ترسیل ممکن بنانے کے لیے ٹھوس اقدامات کی ہدایت کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ معاشی سرگرمیوں کو جاری رکھنے اورروزگار کے مواقع پیدا کرنے کے لیے مربوط حکمت عملی مرتب کرنے پر زورعمران خان کی بلوچستان کے عوام کے ساتھ وابستگی اوراحساس کی علامت ہے۔