صدرمملکت کی پاکستان اسلامک میڈیکل ایسوسی ایشن کے وفد کی ملاقات
کراچی : صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی سے پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر قیصر سجاد اور پاکستان اسلامک میڈیکل ایسوسی ایشن کے صدر پروفیسر عظیم الدین نے ملاقات کی۔
تفصیلات کے مطابق صدر مملکت عارف علوی نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہےکہ ڈاکٹر اور طبی عملہ کورونا کے خلاف جنگ میں ہمارا ہراول دستہ ہیں، ڈاکٹرز کو حفاظتی سامان کی فراہمی یقینی بنا ئی جائے گی۔
صدر مملکت کا مزید کہنا تھا کہ اس وبا کے پھیلاؤ کو روکنے کے سلسلے میں ڈاکٹرز کا کردار انتہائی اہم ہے، طبی عملے کی حفاظت حکومت کی اولین ترجیح ہے، اس لڑائی میں معاشرے کے تمام طبقات کو متحد ہو کر اپنا اپنا کردار ادا کرنا ہوگا، ڈاکٹر اور قومی و صوبائی ڈزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی حکومتی انتظامیہ کے ساتھ بھر پور تعاون اور رابطہ رکھیں۔
صدر مملکت نے ڈاکٹرز اور طبی عملے کو اس مشکل گھڑی میں جان کی پرواہ کئے بغیر اپنی ذمہ داریاں ادا کرنے پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے زیر علاج ڈاکٹروں اور طبی عملے کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔