سندھ میں چوبیس گھنٹوں میں 320 کورونا کیسز سامنے آئے، مُراد علی شاہ
کراچی: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کورونا کے حوالے سے اپنے وڈیو پیغام میں کہا کہ سندھ میں آج سب سے زیادہ کیسز سامنے آئے ہیں، سندھ میں آج 320 نئے کیسز آئے، صوبے میں کورونا مریضوں کی تعداد 3373 ہوگئی ہے پورے ملک میں 10 ہزار کیسز ہوگئے ہیں۔ ان 320 میں سے 308 کورونا کیسز مقامی طور پر منتقل ہوئے ہیں۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ کراچی سے کورونا وائرس کے سب سے زیادہ کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ ضلع جنوبی میں 79 کیسز رپورٹ ہوئے، جس کے بعد یہاں تعداد 578 ہوگئی ہے، ضلع غربی میں آج 48 نئے کیسز آنے کے بعد مقامی منتقلی کے 258 کیسز ہوگئے، ضلع شرقی میں 42 نئے کیسز رپورٹ، مقامی منتقلی کے 448 کیسز ہوگئے۔ ملیر میں 15 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد مقامی منتقلی کے کیسز کی تعداد 147 ہوگئی، کورنگی میں آج 16 نئے کیسز آنے کے بعد مریضوں کی تعداد 179 ہوگئی۔ اس کے علاوہ کورونا سے مزید 3 مریض انتقال کرگئے، جس کے بعد جاں بحق افراد کی تعداد 69 ہوگئی۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ حیدرآباد میں کورونا وائرس کے 229 کیسز ہیں، آج 19 نئے کیسز آنے کے بعد حیدرآباد میں مقامی منتقلی کے 71 کیسز ہوگئے، سکھر میں بھی مقامی منتقلی کے 7 کیسز سامنے آئے ہیں، اس طرح وہاں کورونا کے 347 کیسز ہیں۔ لاڑکانہ میں مقامی منتقلی کے 23 کیسز ہیں۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ گنجان آبادیوں میں مقامی منتقلی کے کیسز بہت زیادہ بڑھ رہے ہیں، اس صورتحال میں ہم سب کو اپنی آنکھیں کھولنی ہوں گی، میں آپ سے التجا کروں گا کہ اپنے گھروں میں نماز ادا کریں، اس احتیاط میں ہماری اپنی، ہمارے پیاروں اور شہریوں کی زندگی سمائی ہوئی ہے۔