امریکا میں کرونا سے 41 ہلاکتیں، ایمرجنسی نافذ
واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کرونا وائرس کی وبا پر ملک بھر میں ایمرجنسی نافذ کردی۔ ٹرمپ نے ہنگامی پریس کانفرنس میں ملک بھر میں ایمرجنسی نافذ کرنے کا اعلان کردیا۔ یہ اعلان امریکا میں کرونا وائرس سے 41 ہلاکتوں کے بعد کیا گیا۔
امریکی صدر نے ’نیشنل ایمرجنسی‘ کے نفاذ کے لیے اپنے مخصوص صدارتی اختیارات استعمال کیے، جو امریکی تاریخ میں بہت کم بار استعمال ہوئے ہیں۔
نیشنل ایمرجنسی کے اعلان کے بعد سے امریکا بھر میں ہونے والے کھیلوں کے مقابلے، اہم اجتماعات اور تقریبات موخر کردی جائیں گی۔ دفاتر کو ایک ہفتے کے لیے بند کرنے پر غور کیا جارہا ہے جب کہ آئندہ ایک ہفتے میں 14 لاکھ افراد کی اسکریننگ کی جائے گی اور ایک ماہ کے دوران 50 لاکھ افراد کی اسکریننگ ہوگی۔