زلفی بخاری ریحام خان کے خلاف ہتک عزت کا کیس جیت گئے

اسلام آباد/ لندن: برطانیہ کی عدالت نے ریحام خان کو زلفی بخاری پر جھوٹےالزامات لگانے پر ہرجانہ ادا کرنے اور معافی مانگنے کا حکم دیا ہے۔
وزیراعظم عمران خان کے سابق معاون خصوصی زلفی بخاری نے لندن ہائی کورٹ میں عمران خان کی سابق اہلیہ ریحام خان کے خلاف ہتک عزت کا مقدمہ جیت لیا۔ عدالتی حکم کے مطابق ریحام خان کو زلفی بخاری کو 50 ہزار پاؤنڈ بطور ہرجانہ ادا کرنا ہوگا۔
وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ برطانوی عدالت نے ریحام خان کو زلفی بخاری پر جھوٹےالزامات لگانے پر ہرجانے اور معافی مانگنے کا حکم دیا ہے۔ اس طرح کا قانونی نظام پاکستان میں لانے کی کوشش کو آزادی اظہار کے خلاف کہہ کر میڈیا مالکان مہم شروع کردیتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا بہرحال ریحام کا جھوٹا ہونا ایک بار پھر ثابت ہوا، دراصل وہ عادی جھوٹی ہیں۔
دوسری جانب لندن ہائی کورٹ کے فیصلے کے بعد ریحام خان نے زلفی بخاری کو مقدمے کے اخراجات اور ہرجانہ ادا کرنے پر رضامندی ظاہر کرتے ہوئے اپنی ویڈیو میں زلفی بخاری سے ہتک آمیز الزامات پر معافی بھی مانگ لی ہے۔
خیال رہے کہ 6 اور 7 دسمبر 2019 کو ریحام خان نے یوٹیوب براڈ کاسٹ میں الزام لگایا تھا کہ نیویارک میں پاکستان کے روزویلٹ ہوٹل کی فروخت میں زلفی بخاری کا مفاد ہے۔ زلفی بخاری نے روزویلٹ ہوٹل سے متعلق ریحام خان کی طرف سے الزامات عائد کرنے پر برطانوی عدالت سے رجوع کیا تھا۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔