’’زندگی تماشا‘‘ نے بہترین فلم کا ایک اور عالمی اعزاز جیت لیا!

کراچی: ’’زندگی تماشا‘‘ نے ایشین ورلڈ فلم فیسٹیول میں بہترین فلم اور بہترین اداکار کا ایوارڈ جیت لیا۔
ایشین ورلڈ فلم فیسٹیول کی ورچوئل تقریب 15 مارچ کو منعقد ہوئی جس میں 20 ممالک کی 40 فلموں کو دکھایا گیا۔ فیسٹیول کے دوران ہدایت کار سرمد کھوسٹ کی فلم ’’زندگی تماشا‘‘ نے بہترین فلم کا اسنو لیوپرڈ ایوارڈ جیتا۔ سرمد سلطان کھوسٹ نے جیوری ممبر لوبا بالاگووا کندور سے ایوارڈ حاصل کیا جب کہ فلم کے مرکزی اداکار عارف حسن کو بہترین اداکار کا ایوارڈ دیا گیا۔
عارف حسن نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ ان کی فلم کو عالمی طور پر پزایرائی حاصل ہورہی ہے۔ سرمد کھوسٹ بھی اس موقع پر بہت خوش تھے، انہوں نے کہا فیسٹیول کے دوران میری فلم کو دو ایوارڈز ملنے سے میری اور میری ٹیم کی بہت حوصلہ افزائی ہوئی ہے۔
سرمد کھوسٹ نے فلم کو پیش آنے والی مشکلات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ فلم پابندی کی وجہ سے میرے ملک میں نہیں دکھائی جاسکی لیکن اپنی فلم کے لیے نئے شائقین کی تلاش نے مجھے سنیما کی طاقت پر زیادہ سے زیادہ یقین کرنے پر مجبور کردیا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل فلم ’’زندگی تماشا ‘‘ بوسان انٹرنیشنل فلم فیسٹیول میں بھی ایوارڈ حاصل کرنے میں کامیاب ہوئی تھی جب کہ اسے پاکستان کی جانب سے آسکر کے لیے بھی نامزد کیا گیا تھا، بعدازاں یہ فلم آسکر کی دوڑ سے باہر ہوگئی تھی۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔