یوٹیوب کا بڑے کری ایٹرز کو لاکھوں ڈالر دینے کی پیشکش پر غور
کراچی: ویڈیو اسٹریمینگ یوٹیوب نے اپنے مقبول کری ایٹرز کو پلیٹ فارم سے خصوصی طور پر منسلک رکھنے کے لیے لاکھوں ڈالر کی پیشکش کرنے پر غور شروع کردیا ہے۔
امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق یوٹیوب بعض منتخب کری ایٹرز کو اس شرط پر بھاری ادائیگی کی پیشکش کررہا ہے کہ وہ ایک مخصوص مدت تک اپنی ویڈیوز صرف یوٹیوب پر نشر کریں گے۔
یہ اقدام ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب نیٹ فلکس نے یوٹیوب کے معروف کری ایٹرز کی ویڈیوز اپنے پلیٹ فارم پر لائسنس کرنے کی کوششیں تیز کردی ہیں۔ یوں دونوں پلیٹ فارمز کے درمیان بڑے ڈیجیٹل کری ایٹرز اور ان کے ناظرین کے لیے مقابلہ مزید بڑھنے کا امکان ہے۔
دو افراد نے امریکی ویب سائٹ بزنس انسائیڈر کو بتایا کہ یوٹیوب کی جانب سے چند بڑے کری ایٹرز سے مذاکرات جاری ہیں۔
ذرائع کے مطابق ہر کری ایٹر کے لیے معاہدے کی شرائط مختلف ہوسکتی ہیں اور فی الحال ان مذاکرات کو مکمل کرنے کی کوئی حتمی تاریخ مقرر نہیں کی گئی۔
ایک ذریعے کے مطابق یوٹیوب نے ایک کریئیٹر کو لاکھوں ڈالر کی پیشکش کی، جس کے بدلے میں اسے ایک مخصوص مدت تک اپنی ویڈیوز خصوصی طور پر یوٹیوب پر پوسٹ کرنا ہوں گی۔ تاہم، یہ پیشکش ابتدائی طور پر زبانی تھی اور معاہدے کی تفصیلات ابھی طے نہیں ہوئی تھیں۔
ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ یوٹیوب نے ان کریئیٹرز کو یہ عندیہ دیا ہے کہ جو خصوصی معاہدہ قبول نہیں کریں گے، انہیں مارکیٹنگ سپورٹ اور برانڈ ڈیلز تک رسائی جیسی بعض سہولیات میں کمی کا سامنا ہوسکتا ہے۔
یہ پیش رفت اس بات کا نمایاں اشارہ سمجھی جا رہی ہے کہ یوٹیوب اپنے پلیٹ فارم سے وابستہ بڑے کریئیٹرز کو نیٹ فلکس جیسے حریفوں سے دور رکھنے کے لیے براہِ راست مالی مراعات دینے پر بھی آمادہ ہے۔