ڈنڈا پریڈ نہیں کرسکتے، کھلاڑیوں کو خود صورتحال کے مطابق کھیلنا چاہیے: یونس خان

کراچی: قومی کرکٹ ٹیم کے بیٹنگ کوچ یونس خان نے کہا ہے کہ ہم ڈنڈا پریڈ نہیں کرسکتے، کھلاڑیوں کو خود بھی دیکھنا ہے کہ انہیں کس طرح صورت حال کے مطابق کھیلنا اور وہ کیسے کھیل کر ٹیم کو میچز جتوا سکتے ہیں۔
سابق قومی بلے باز اور کپتان یونس خان نے ورچوئل پریس کانفرنس میں کہا کہ کووڈ کی وجہ سے مشکل صورت حال کا سامنا ہے اور بیک ٹو بیک میچز کھیلنا پڑرہے ہیں، ایسے میں نوجوان ٹیم کے ساتھ جنوبی افریقا میں سیریز جیتی۔
اُن کا کہنا تھا کہ سب کو مبارک باد دیتا ہوں، بیرون ملک سیریز جیتنا اچھی چیز ہے، لیکن پاکستان ٹیم نے ابھی بہت کچھ سیکھنا اور کئی چیزوں پر کام کرنا ہے، خوشی اس بات کی ہے کہ بیٹسمینوں نے لمبی اننگز کھیلیں، فخر زمان اور بابر اعظم توقعات کے مطابق کھیلے۔
یونس خان نے کہا کہ بیٹسمینوں کو یہ سکھانے کی کوشش کررہا ہوں کہ صورت حال کے مطابق کھیلیں، مڈل آرڈر میں ہم نے مختلف کھلاڑیوں کو کھلانے کی کوشش کی، مڈل آرڈر پر کام کرنا ہے، حیدر علی ابھی سیکھ رہے ہیں۔
یونس خان نے کہا کہ بیٹنگ کوچ ہوں اور نظر بھی آتا ہوں لیکن کچھ فیصلوں میں شامل نہیں ہوتا، کپتان، چیف سلیکٹر اور ہیڈ کوچ نے دیکھنا ہے کہ کس کھلاڑی کو کتنا موقع دینا ہے، میری ذاتی رائے میں کسی کھلاڑی کو دو سے تین سیریز کا موقع دینا چاہیے لیکن یہ فیصلہ میرے اختیار میں نہیں البتہ یہ درست ہے کہ ہمیں کھلاڑیوں کو کھلانے میں جلدبازی نہیں کرنی چاہیے۔
اُن کا کہنا تھا کہ کھلاڑیوں کو جب بھی موقع دیں ان کے پیچھے فرسٹ کلاس اور لسٹ اے میچز کا تجربہ ہونا چاہیے، میرے بس میں ہو تو میں ان کو منتخب کروں جن کے پیچھے ڈومیسٹک کا تجربہ ہو، یہاں بعض اوقات میڈیا اور سوشل میڈیا کے دباؤ پر جلد موقع دے دیا جاتا ہے۔
سابق کپتان نے کہا کہ ہم کھلاڑیوں کو موقع دیتے ہیں کہ وہ خود کو ثابت کریں اور اپنے انداز میں کھیلیں، ہم کھلاڑیوں کے انداز تبدیل نہیں کرسکتے، ہم کھلاڑیوں کو ان کے انداز کے مطابق کھیلنے دیتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا ایسا نہیں کہ ہم انہیں ان کے انداز کے مطابق نہیں کھیلنے دیتے، یہ بھی غلط ہے کہ کھلاڑی مصباح الحق، وقار یونس اور یونس خان کو نیٹس پر دیکھ کر دباؤ میں آجاتے ہیں، یہ درست ہے کہ ہمیں بیٹنگ آرڈر میں اتنی زیادہ تبدیلیاں نہیں کرنی چاہئیں۔
انہوں نے کہا کہ بابراعظم ٹاپ کا پلیئر ہے اور اس کے سیکھنے کا جذبہ بہت زیادہ ہے، بابر اعظم نے جب کھیلنا شروع کیا تو اس نے محمد یوسف، مصباح الحق اور یونس خان کو کھیلتے ہوئے دیکھا، بابر اعظم نے اپنے سامنے بڑے کھلاڑیوں کو کھیلتا ہوا دیکھ کر سیکھا۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔