یوم شہدائے پولیس
معاشرے میں قیامِ امن کے لیے پولیس کا کردار انتہائی اہم ہوتا ہے۔ پولیس جرائم کے خلاف جنگ میں فرنٹ لائن کا کردار ادا کرتے ہیں اور امن و امان کی خاطر اپنی قیمتی جانوں کی قربانی دینے سے بھی دریغ نہیں کرتے۔
پاکستان اور سندھ پولیس کی تاریخ بھی ایسی قربانیوں سے بھری پڑی ہے۔ شہر کے امن و امان کی خاطر جان کی پرواہ کیے بغیر اپنے فرائض کو انجام دینا اور اپنے فرائض منصبی کو ادا کرتے کرتے ملک و قوم کی خاطر اپنی جان قربان کردینا بہادری کی اعلیٰ مثال ہے۔ شہدائے سندھ پولیس کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے گزشتہ چند سالوں سے ہر سال 4 اگست کو یوم شہدائے پولیس کے طور پر منایا جاتا ہے۔
اس دن کو منانے کا مقصد ان شہید پولیس والوں کو یاد کرنا ہوتا ہے جو اپنی ذمہ داری پوری کرتے کرتے دہشت گردی کا شکار ہوئے اور شہادت کے رتبے پر فائز ہوئے۔ اس دن شہداء کے اہل خانہ سے اظہار یکجہتی کیا جاتا ہے اور انہیں تقریبات میں مدعو کرکے ان کے صبر و استقلال پر اور ملک و قوم کی خاطر اپنے پیاروں کو قربان کرنے کے جذبے کو سلام پیش کیا جاتا ہے۔ اس دن کو منانے کا مقصد یہی ہے کہ پولیس اپنے شہیدوں اور ان کے اہل خانہ کو کبھی نہیں بھولتی۔ وہ ان کی قربانی کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔
اس یوم کو منانے کی ابتدا سوشل میڈیا ایکٹیوسٹ فہد بلوچ کی پولیس ڈے کے حوالے سے کی گئی ایک میگا کیمپین کے بعد ہوئی تھی اور اب پورے ملک میں 4 اگست کو یہ دن بڑے جذبے سے منایا جاتا ہے۔ خوش آئند بات یہ ہے کہ ملک کے نامور فنکار بھی اس دن اپنے جذبات کا اظہار کر رہے ہیں۔ مشہور اداکار اعجاز اسلم نے پولیس کو خراج تحسین پیش کیا اور ان کا شکریہ ادا کیا کہ ان کی وجہ سے ہم شہری خود کو محفوظ محسوس کرتے ہیں۔
اداکارہ نیلم منیر کا کا کہنا تھا کہ ہماری پولیس ہماری تحفظ کی خاطر اپنی جان تک قربان کر دیتے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ میرا ایمان ہے کہ ان کی قربانیاں کبھی رائیگاں نہیں جائیں گی۔
معروف گلوکار و سماجی کارکن شہزاد رائے نے پولیس کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ میری دعا ہے کہ کوئی بھی بیٹا اپنی ماں سے جدا نہ ہو، ایک وقت ایسا آئے کہ امن آجائے اور کوئی پولیس والا اپنے پیاروں کو چھوڑ کر قربان نہ ہو۔ انہوں نے مزید کہا کہ پولیس کی بہت خدمات ہیں اس قوم کے لیے۔ آج جو ہم محفوظ ہیں وہ ان پولیس کے جوانوں کی بدولت ہی محفوظ ہیں۔
مشہور کرکٹر اور سپر اسٹار شاہد آفریدی نے پولیس کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ صرف پولیس کے ہیرو نہیں ہیں بلکہ شہدائے پولیس ہم سب کے ہیرو ہیں اور ہم سب ان کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔
آج کے دن ہم سب عہد کریں کہ پولیس کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھیں گے۔ شہید پولیس والوں اور ان کے اہل خانہ کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔ قانون کی پاسداری کو اپنی اولین ذمہ داری تصور کریں گے۔ سپاہیوں کو عزت دیں گے اور ان کی خدمات کا اعتراف کرکے ان کے حوصلے مزید بلند کریں گے۔ یاد رکھیں یہ اپنی ذمہ داری نبھاتے نبھاتے اپنی جان تک قربان کردیتے ہیں صرف آپ کے اور ہمارے تحفظ کی خاطر۔ پولیس ہمارا فخر ہے اور ان پر ہمیں ناز ہے۔
وائس آف سندھ تمام پولیس اہلکاروں کو اپنے اس پلیٹ فارم سے خراج تحسین پیش کرتا ہے، تمام شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتا ہے اور عہد کرتا ہے کہ ہم اپنے شہداء کو کبھی نہیں بھولیں گے۔