بھارتی کسٹم حکام نے مسلمان شہری کی قیمتی گھڑی برباد کرڈالی
نئی دہلی: بھارت میں کسٹم حکام نے دبئی پلٹ مسلمان شہری کی 2 لاکھ 26 ہزار درہم مالیت کی قیمتی گھڑی برباد کرڈالی۔
خلیج ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق بھارتی ریاست کرناٹکا کے شہر بھٹکل سے تعلق رکھنے والا اسماعیل دبئی میں اپنے بھائی سے ملنے کے بعد واپس بھارت پہنچا تو کری پور انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اس کے ساتھ ہولناک واقعہ پیش آیا۔
رپورٹ کے مطابق اسماعیل جب ایئرپورٹ پہنچا تو اس نے ہاتھ میں 2 لاکھ 26 ہزار درہم (96 لاکھ 63 ہزار سے زائد پاکستانی روپے) مالیت کی مہنگی گھڑی پہن رکھی تھی لیکن کچھ ہی دیر میں کسٹم آفیسرز نے قیمتی گھڑی ایک پلیٹ میں رکھ کر پیش کی جس کے 6 ٹکڑے ہوچکے تھے۔
بھارتی شہری کا کہنا ہے کہ ایئرپورٹ حکام کو شبہ تھا کہ میں گھڑی میں سونا اسمگل کررہا ہوں، کسٹم حکام میری گھڑی لے کر ایک کمرے میں گئے اور وہاں جاکر اسے ہتھوڑی کی مدد سے توڑ ڈالا، جب گھڑی سے کچھ نہ نکلا تو مجھے اس کے پرزے واپس کردیے۔
رپورٹ کے مطابق جب شہری نے ایئرپورٹ حکام سے گھڑی اصل حالت میں واپس دینے کا مطالبہ کیا تو کسٹم حکام نے اسماعیل سے گھڑی کے پرزے بھی لے لیے اور اسے 50 ہزار درہم بطور معاوضہ دینے کی پیشکش کی۔
بھارتی شہری کا کہنا ہے کہ یہ گھڑی اسے اس کے بھائی نے تحفے میں دی تھی جو دبئی میں اپنا کاروبار کرتا ہے اور اُس کے پاس اس گھڑی کی خریداری کی رسید بھی موجود ہے۔