تھرور کو بدترین شکست، ملکارجن کھرگے کانگریس کے صدر منتخب
نئی دہلی: ششی تھرور کو کانگریس کی صدارت کے لیے ہونے والے انتخاب میں شکست کا منہ دیکھنا پڑا جب کہ ملکارجن کھرگے اس جیت کے ساتھ کانگریس کے صدر منتخب ہوگئے۔
بھارت کے ذرائع ابلاغ کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کانگریس کی صدارت کے لیے ملکارجن کھرگے اور ششی تھرور کے درمیان مقابلہ تھا، جس میں کھرگے نے ششی تھرور کو شکست فاش سے دوچار کیا۔
پارٹی صدارت کے لیے کھرگے نے 9385 میں سے 7897 ووٹ حاصل کیے اور ان کے مدمقابل نامور بھارتی صحافی اور سیاست دان ششی تھرور نے صرف 1060 ووٹ لیے۔
ملکارجن کھرگے کی جیت کے بعد کانگریس میں 24 سال بعد گاندھی فیملی کے علاوہ کوئی پارٹی کی صدارت سنبھالے گا جب کہ کانگریس کے صدارتی انتخاب میں ناکام امیدوار ششی تھرور نے شکست تسلیم کرتے ہوئے کھرگے کو مبارک باد دی۔