ورلڈکپ شیڈول کا اعلان، پاک بھارت 15 اکتوبر کو مدمقابل ہوں گے
دبئی: آئی سی سی ورلڈکپ 2023 کے باقاعدہ شیڈول کا اعلان کردیا گیا۔
آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ شیڈول کے مطابق میگا ایونٹ کا آغاز 5 اکتوبر سے شروع ہوگا، پاکستان ورلڈکپ میں اپنے سفر کا آغاز 6 اکتوبر کو حیدرآباد میں کوالیفائر ون کے خلاف میچ سے کرے گا۔
شیڈول کے مطابق 12 اکتوبر کو پاکستان کا سامنا کوالیفائر ٹو سے ہوگا جب کہ روایتی حریف پاکستان اور بھارت کے درمیان مقابلہ 15 اکتوبر کو احمدآباد کے نریندر مودی کرکٹ اسٹیڈیم میں ہوگا۔
پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان میچ 20 اکتوبر کو بنگلورو میں رکھا گیا ہے، 23 اکتوبر کو پاکستان اور افغانستان کی ٹیمیں چنائے میں آمنے سامنے ہوں گی۔ قومی ٹیم 27 اکتوبر کو جنوبی افریقا جب کہ 31 اکتوبر کو بنگلادیش کے مدمقابل آئے گی۔
گرین شرٹس کا 5 نومبر کو بنگلورو میں نیوزی لینڈ کی ٹیم سے مقابلہ ہوگا جب کہ 12 نومبر کو قومی ٹیم انگلینڈ کے خلاف کولکتہ میں میدان میں اُترے گی۔
خیال رہے کہ ورلڈکپ کا پہلا سیمی فائنل ممبئی، دوسرا کولکتہ میں ہوگا، فائنل 19 نومبر کو احمدآباد نریندر مودی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔