ورلڈکپ: آسٹریلیا کے ہاتھوں پاکستان کو 62 رنز سے شکست

بنگلورو: کرکٹ ورلڈکپ کے 18ویں مقابلے میں آسٹریلیا نے پاکستان کو 62 رنز سے زیر کرلیا۔
بنگلورو کے چناسوامی کرکٹ اسٹیڈیم میں قومی ٹیم 368 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 46ویں اوور میں 305 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔
پاکستان کی جانب سے امام الحق 70، عبداللہ شفیق 64، محمد رضوان 46، سعود شکیل 30، افتخار احمد 26، کپتان بابر اعظم 18، محمد نواز 14، شاہین شاہ آفریدی 10، حسن علی 8 اور اسامہ میر 0 رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔
آسٹریلیا کی جانب سے ایڈم زمپا نے 4، مارکس اسٹوئنس اور کپتان پیٹ کمنز نے 2، 2 جب کہ جوش ہیزل ووڈ اور مچل اسٹارک نے 1 وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل پاکستان کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے آسٹریلیا نے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 367 رنز بنائے۔
آسٹریلوی اوپنر ڈیوڈ وارنر اور مچل مارش نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 259 رنز کی ریکارڈ پارٹنرشپ قائم کی تاہم مارش 109 گیندوں پر 9 چھکوں اور 10 چوکوں کی مدد سے 121 جب کہ ڈیوڈ وارنر 124 گیندوں پر 9 چھکوں اور 14 چوکوں کی مدد سے 163 بناکر آؤٹ ہوئے۔
دیگر کھلاڑیوں میں اسٹیو اسمتھ 7، جوش انگلس 13، مارکس اسٹونس 13 اور گلین میکسویل صفر پر پویلین لوٹے۔ بعدازاں آسٹریلیا نے پورے اوور کھیلتے ہوئے 9 کھلاڑیوں کے نقصان پر پاکستان کو جیت کے لیے 368 رنز کا ہدف دیا۔
آسٹریلوی بلے بازوں نے پاکستانی بالرز کو دھو ڈالا، حسن علی نے 8 اوورز میں 57 رنز دیے کوئی وکٹ نہیں لی، اسامہ میر نے 9 اوورز میں 82 رنز دہے، ایک وکٹ لی، حارث رؤف نے 8 اوورز میں 83 رنز دیے اور تین وکٹیں لیں جب کہ شاہین آفریدی نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 10 اوورز میں 54 رنز دیے اور 5 وکٹیں حاصل کیں۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔