عالمی بینک سے پاکستان کے لیے 50 کروڑ ڈالر قرض منظور
اسلام آباد: عالمی بینک نے پاکستان کے لیے 50 کروڑ ڈالر کے قرض کی منظوری دے دی۔
ورلڈ بینک کے پاکستان میں واقع دفتر سے جاری کردہ ہینڈ آؤٹ کے مطابق ورلڈ بینک کے بورڈ آف ایگزیکٹو ڈائریکٹرز نے ’رائز‘(RISE) پروگرام کے تحت مالیاتی انتظام کاری کے استحکام، شفافیت کے فروغ اور نجی شعبے کی نمو کے لیے 50 کروڑ ڈالر کا قرض منظور کیا ہے۔
قرض کی فراہمی کو’لو کاربن انرجی‘ کے حصول کے لیے شعبۂ توانائی میں بنیادی اصلاحات سے بھی مشروط کیا گیا ہے۔ ورلڈ بینک کے مطابق کووڈ 19 کے اثرات سے بحالی کے لیے مالیاتی لچک پیدا کرنے کے ضمن میں یہ اصلاحات بے حد اہم ہیں۔
عالمی بینک کی طرف سے اس قرض کی منظوری کے بعد پاکستان کو جون میں ملنے والے، منظور ہونے والے قرض کا حجم 3.53 ارب ڈالر ہوگیا ہے۔ گذشتہ روز اسٹیٹ بینک کو چائنا ڈیولپمنٹ بینک سے ایک ارب ڈالر اور بینک آف چائنا سے 30کروڑ ڈالر بھی موصول ہوگئے۔