کیا ہانیہ عامر کا امریکی ویزا کینسل ہوجائے گا؟
کراچی: اداکارہ ہانیہ عامر امریکی ریاست ٹیکساس کے شہر ڈیلس میں میٹ اینڈ گریٹ شو ادھورا چھوڑ کر چلی گئیں، ہانیہ عامر نے آرگنائزر پر بدتمیزی اور بدنظمی کا الزام عائد کیا جب کہ آرگنائزر کی جانب سے اس الزام کی نفی کی گئی ہے۔
ہانیہ عامر کے اس طرح شو ادھورا چھوڑ کر جانے پر آرگنائزر نے حکام سے رابطہ کرکے ان کے امریکا کا ویزا کینسل کرانے پر غور شروع کردیا ہے۔
دوسری جانب ہانیہ عامر کی جانب سے ڈیلس میں منعقدہ میٹ اینڈ گریٹ ادھورا چھوڑنا فینز کو بھی ناگوار گزرا ہے۔
بتایا جاتا ہے کہ ہانیہ عامر کی مقبولیت ساتویں آسمان پر پہنچی ہوئی ہے، وہ پچھلے کچھ عرصے میں سب سے زیادہ پسند کی جانے والی پاکستانی اداکارہ بن گئی ہیں۔ ہانیہ گزشتہ چند ماہ سے بیرون ممالک میں میٹ اینڈ گریٹ شوز میں باقاعدگی سے نظر آرہی ہیں، جس کی وجہ بیرون ممالک ان کی فین فالوونگ میں زبردست اضافہ ہوا ہے اور اس حیران کن اضافے کی وجہ ان کا سپرہٹ ڈرامہ کبھی میں کبھی تم میں شرجینہ کا کردار ہے۔
حال ہی میں ہانیہ عامر نے فہد مصطفیٰ کے ہمراہ امریکی ریاستوں میں میٹ اینڈ گریٹ کا سلسلہ شروع کیا، جس میں ڈرامہ کبھی میں کبھی تم میں رباب کا کردار ادا کرنے والی اداکارہ نعیمہ بٹ بھی شامل ہوئیں۔
گزشتہ روز ڈیلس میں منعقدہ میٹ اینڈ گریٹ میں بدمزگی پیدا ہوگئی اور ہانیہ عامر شو چھوڑ کر چلی گئیں۔
اس معاملے پر ہانیہ عامر کی جانب سے کہا گیا ہے کہ آرگنائزر کی جانب سے ناصرف ناقص انتظامات کیے گئے بلکہ اُن کے منیجر کے ساتھ بدتمیزی کا رویہ بھی اختیار کیا گیا۔
دوسری جانب آرگنائزر کا کہنا تھا کہ ہانیہ عامر اور فہد مصطفیٰ کے ساتھ میٹ دی گریٹ کے لیے 2 گھنٹے کا معاہدہ ہوا تھا اور ہانیہ محض 35 منٹ میں ہی شو ادھورا چھوڑ کر بلاجواز چلی گئیں۔
آرگنائزر کا مزید کہنا تھا کہ ہانیہ عامر کے شو اس طرح چھوڑ کر جانے سے ناصرف مداحوں کو مایوسی ہوئی بلکہ ہمارا بھی بڑا نقصان ہوا۔ اس پر ہم امریکا میں اُن کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا سوچ رہے ہیں اور اُن کا ویزا کینسل کرانے کے لیے متعلقہ اداروں سے رابطہ بھی کریں گے۔