مفرور حسینہ واجد کی حوالگی کے لیے بھارت سے مطالبہ کریں گے، ڈاکٹر یونس
ڈھاکا: ڈاکٹر محمد یونس نے کہا ہے کہ بنگلادیش مفرور سابق وزیراعظم حسینہ واجد کی حوالگی کے لیے بھارت سے مطالبہ کرے گا۔
بنگلا دیش میں عبوری حکومت کے 100 روز مکمل ہونے پر چیف ایڈوائزر محمد یونس نے قوم سے خطاب کیا۔
ڈاکٹر محمد یونس نے اپنے خطاب میں کہا کہ بنگلادیش میں ہنگاموں میں ہوئے ہر قتل کے لیے انصاف کو یقینی بنائیں گے اور بھارت سے معزول مطلق العنان شیخ حسینہ کو واپس بھیجنے کا بھی کہیں گے۔
خیال رہے کہ سابق بنگلادیشی وزیراعظم حسینہ واجد 5 اگست کو مستعفیٰ ہوکر بھارت فرار ہوگئی تھیں۔
حسینہ واجد نے متنازع کوٹا سسٹم کے خلاف طلبا کے ملک گیر احتجاج کے بعد استعفیٰ دیا تھا، ان کی حکومت کے خلاف احتجاج میں طلبا سمیت 1500 افراد ہلاک اور 19 ہزار سے زیادہ زخمی ہوئے تھے۔