گرفتار دہشت گرد عمر دین عرف جذبہ کے فتنہ الخوارج سے متعلق ہوش رُبا انکشافات

راولپنڈی: پاکستانی سیکیورٹی فورسزکے ہاتھوں گرفتار خارجی دہشت گرد عمر دین عرف جذبہ کا اعترافی بیان میں کہنا ہے کہ فتنہ الخوارج کو افغانستان میں موجود خوارجی کمانڈروں سے مالی معاونت حاصل ہوتی ہے۔
گرفتار خارجی دہشت گرد عمر دین عرف جذبہ نے ویڈیو بیان میں بتایا کہ والد سے لڑنے کے بعد ٹی ٹی پی فتنہ الخوارج میں شمولیت اختیار کی، خوارج کو افغانستان سے مالی وسائل اور اسلحہ فراہم کیا جاتا ہے، افغانستان سے اسلحہ پاکستان اسمگل کیا جاتا ہے، تمام خوارجی کمانڈروں کے ساتھ 60 سے 70 افغانی ہیں اور میں نے بھی افغانستان سے راکٹ لانچر سمیت دیگر اسلحہ چلانے کی ٹریننگ لی۔
خارجی عمر دین کا کہنا تھا یہ خوارجی نیٹ ورک شادی خیل بیس پر حملے اور کوٹہ خواہ روڈ پر دھماکے میں بھی ملوث تھا، واقعے میں7 پولیس اہلکار ماہ رمضان میں شہید ہوئے۔
عمر دین عرف جذبہ نے فتنۃ الخوارج کی اصلیت کا پردہ چاک کرتے ہوئے کہا کہ خوارجی کمانڈر شریعت کے نفاذ اور جہاد کے نام پر نوجوانوں کو ورغلاتے ہیں، ان کا اسلام سے دُور تک کوئی تعلق نہیں ہے۔
گرفتار نوجوان نے بتایا کہ خوارجی منشیات کے عادی ہیں اور مرکز کے اندر غیر اخلاقی سرگرمیوں میں بھی ملوث ہیں، خوارجی کمانڈر اپنی پسند کے لڑکوں سے غیر اخلاقی حرکات کرتے ہیں، یہ خوارجی گروہ بھتہ خوری، گاڑیاں چھیننے اور اغوا برائے تاوان میں بھی ملوث ہے، میری تمام نوجوانوں سے اپیل ہے کہ وہ خوارج کے جھوٹے دعوؤں سے بچیں۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔