دو مطالبات نہ ماننے پر ترسیلات زر روکنے کی کال دوں گا، عمران خان

اسلام آباد: پی ٹی آئی کے بانی کی بہن علیمہ خان نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے کہا ہے اگر میرے دو مطالبات نہیں مانے گئے تو میں بالکل ترسیلات زر روکنے کی کال دوں گا۔
علیمہ خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت گرنے کے بعد لاکھوں لوگ خط غربت کی لکیر سے نیچے چلے گئے ہیں اور لوگوں کو معاشی مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سمندر پار پاکستانی خوشی سے تیار ہیں کہ وہ اپنی ترسیلات زر وطن نہیں بھیجیں گے، آپ اپنے ڈالر لے کر ملک سے باہر چلے جاتے ہیں اور غریب محنت کش باہر کام کرکے ڈالر پاکستان بھیجتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اپ اسی ڈالر پر ملک چلارہے ہیں اور واضح ہوگیا ہے کہ آپ کو اسی ڈالر کی فکر ہے۔
علیمہ خان نے کہا کہ پانی پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ لندن پلان کے مطابق پی ٹی آئی کو کرش کرنے کا ایجنڈا تھا، مرحلہ وار پارٹی کو کرش کرتے ہوئے انتخابی نشان بھی لیا گیا۔
علیمہ کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ 10 عمارتیں جلائی گئیں تو 10 ہزار لوگوں کو گرفتار کرلیا گیا، اتنے لوگوں نے 10 عمارتیں تو نہیں جلائیں، 8فروری کو عوام نے ان کو دھوکا دیا اور بتایا کہ وہ ظلم کے نظام کے خلاف کھڑے ہیں اور9 فروری کو لوگوں کا ووٹ چوری کرکے جعلی حکومت بٹھائی گئی۔
علیمہ خان نے کہا کہ قانون کی حکمرانی کے لیے 24 نومبر کے پُرامن احتجاج پر گولی چلائی گئی، جب لڑکے شہید اور زخمی ہوئے تو میں وہاں موجود تھی، عمارات سے گولی چلائی گئی، ہم اس کے عینی شاہد ہیں، رات کو اندھیرا کرکے بے گناہ لوگوں کا قتل عام کیا گیا، بہت زیادہ عینی شاہد ہیں جو آنکھوں دیکھا حال بتارہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی بہت زیادہ تکلیف میں ہے اب یہ چیزیں نہیں رکیں گی، بانی پی ٹی آئی کا مطالبہ ہے کہ سپریم کورٹ کے تین سینئر ججوں پر مشتمل جوڈیشل کمیشن قائم کیا جائے اور بے گناہ قیدیوں کو رہا کیا جائے۔
عمران خان کی بہن نے مزید کہا کہ اگر بانی پی ٹی آئی کے مطالبات تسلیم نہیں کیے گئے تو وہ سمندر پار پاکستانیوں سے ترسیلات زر وطن نہ بھیجنے کی اپیل کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ سمندر پار پاکستانیوں کی کالز آرہی ہیں کہ آپ اس کا اعلان کیوں نہیں کررہے ہم اپنی ترسیلات زر روک رہے ہیں لیکن پارٹی کے لوگوں نے بانی پی ٹی آئی سے کہا ہے کہ اس تحریک کا ملک کو نقصان ہوگا، اس لیے آپ تھوڑے دن رک جائیں۔
علیمہ خان نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے کہا ہے کہ مجھے ملک کی فکر ہے لہٰذا میں تھوڑے دن انتظار کر لیتا ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نے کہا ہے حکومت میرے یہ دو مطالبات پورے کر دے اور انہوں نے مطالبات دے کر اپنے لوگوں کو حکومت کی طرف ہی بھیجا ہوگا، بانی پی ٹی آئی نے کہا ہے کہ اگر میرے دو مطالبات نہیں مانے گئے تو میں بالکل ترسیلات زر روکنے کی کال دوں گا۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔