رات میں بسکٹ کھانا صحت کے لیے نقصان دہ کیوں؟
لندن: نئی تحقیق میں انکشاف ہوا ہے کہ رات 9 بجے کے بعد بسکٹ کھانا صحت کے لیے نقصان دہ ہوسکتا ہے۔
کنگز کالج لندن کے محققین کی جانب سے 854 برطانوی شہریوں پر تحقیق کی گئی، جس میں ان افراد سے دو سے چار دنوں تک کھائے جانے والے ہر بسکٹ کو ریکارڈ کرنے کا کہا گیا۔
بعدازاں ان کے خون میں موجود شوگر (جس کا تعلق ٹائپ 2 ذیابیطس کے خطرات سے ہوتا ہے) اور چکنائی (جس کا تعلق دل کے دوروں اور فالج سے ہوتا ہے) کی مقدار کا جائزہ لیا۔
وہ افراد جو رات 9 بجے کے بعد بسکٹ یا دیگر اسنیکس کھایا کرتے تھے، ان کے خون میں شوگر اور چکنائی کی مقدار ان افراد کی نسبت جو ایسا نہیں کرتے تھے، سے بدتر تھی۔
تحقیق کی سینئر مصنفہ ڈاکٹر سارہ بیری کے مطابق مطالعے میں یہ بات سامنے آئی کہ 9 بجے کے بعد غیر صحت بخش اسنیک کھانے کا عمل جسم کی گھڑی سے مطابقت نہیں رکھتا اور استحالہ کے نظام کو متاثر کرسکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایسا کرنا آپ کے کھانے کے بعد بحالی کے لیے جسم کو خالی پیٹ رہنے کے لیے زیادہ وقت نہیں دیتا۔
امریکن سوسائٹی فار نیوٹریشن کے سالانہ اجلاس نیوٹریشن 2023 میں پیش کردہ تحقیق میں بتایا گیا کہ 95 فیصد شرکاء دن میں کم از کم ایک اسنیک کھاتے تھے جب کہ روزانہ اسنیک کی اوسط تعداد 2.3 تھی۔
تحقیق میں شرکاء دن کے بعد کے حصے میں اسنیکنگ زیادہ کرتے ہوئے پائے گئے۔ 39 فیصد افراد نے کم از کم اپنے 50 فیصد حرارے (کیلوریز) وسط دن سے شام 6 بچے کے درمیان اسنیکس سے حاصل کیے جب کہ 31 فیصد افراد نے کم از کم 50 فیصد حرارے شام 6 بجے کے بعد اسنیکس سے حاصل کیے تھے۔
13 فیصد افراد صبح میں اسنیکس کھاتے تھے جب کہ 17 فیصد افراد پورا دن کھاتے رہتے تھے۔
تحقیق میں معلوم ہوا کہ وہ 32 فیصد افراد جو رات 9 بجے کے بعد بسکٹ وغیرہ کھایا کرتے تھے، ان کے خون میں موجود شوگر اور چکنائی میں ان 68 فیصد افراد جو 9 بجے کے بعد کچھ نہیں کھاتے تھے، کی نسبت واضح فرق تھا۔