نتاشا حسین نے شہروز سے متعلق بیان پر معافی کیوں مانگی؟

کراچی: سینئر ماڈل و اداکارہ نتاشا حسین نے شہروز سبزواری کو اداکار ماننے سے انکار کیا، بعدازاں اپنے اس بیان پر معافی بھی مانگی۔
نتاشا حسین حال ہی میں ایک نجی ٹی وی کی مہمان بنیں، میزبان نے ایک سیگمنٹ کے دوران ان سے سوال کیا کہ آپ کی نظر میں انڈسٹری میں وہ کون سی اداکارہ یا اداکار ہیں جن کے حوالے سے آپ کو لگتا ہو انہیں اقربا پروری کی وجہ سے پلیٹ فارم ملا؟
جواب میں نتاشا نے بہروز سبزواری کے بیٹے شہروز سبزواری کانام لیا اور کہا کہ کیوں کہ میں انہیں اداکار نہیں سمجھتی، اگر شہروز بہروز سبزواری کے بیٹے نہ ہوتے تو شاید ان کو اتنے بڑے پراجیکٹس نہ ملتے لیکن ان کے والد ایک بہترین اداکار ہیں۔
ماڈل کے بیان پر میزبان نے واضح کیا کہ اس سوال سے ہمارا مقصد کسی کی دل آزاری نہیں، یہ سوال محض ایک تفریح کے لیے ہے۔
شوبز شخصیات نے اس واقعے پر برہمی ظاہر کی ہے۔ اداکارہ یشما گل نے شو کے وائرل کلپ پر تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ ایسے سوال کیوں پوچھے جاتے ہیں؟ اور پھر یہ کہہ دینا کہ مقصد کسی کی دل آزاری نہیں تھا، کسی کا مذاق اڑانے میں کیسی تفریح، اس سے قطع نظر کہ ہم کس بیک گراؤنڈ سے ہیں، ہم دن بھر محنت کرکے اپنے کام سے انصاف کرنے کی کوشش کرتے ہیں، اس طرح کے سوالات کو شو میں شامل نہیں کرنا چاہیے۔
اداکارہ لیلیٰ واسطی نے لکھا کہ کیا ہم لوگوں پر بات کرنے اور اپنی انڈسٹری پر تنقید کرنے کے بجائے کوئی بہتر مواد شامل نہیں کرسکتے؟
بعد ازاں نتاشا حسین نے انسٹاگرام اسٹوری شیئر کرتے ہوئے معافی مانگ لی اور کہا کہ میں شہروز سبزواری سے متعلق اپنے بیان پر معافی مانگتی ہوں، میں نے کہا تھا لیکن میرا ہرگز یہ مقصد نہیں تھا میرے بیان کو غلط لیا گیا، شہروز اچھے اداکار ہیں۔
نتاشا حسین نے اپنے بیان پر ہونے والی ٹرولنگ پر لکھا کہ بھائی معاف کردو اور اپنی زندگی پر فوکس کرو، کمال ہے کہ بات پکڑنے کا آرٹ لوگوں کی تفریح کا ذریعہ بن چکا ہے۔
اداکارہ و ماڈل نے مزید لکھا کہ متعلقہ شخص سے معذرت اور ان لوگوں سے بھی جو اس کے لیے فکرمند ہیں۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔