کن وٹامنز اور معدنیات کی کمی کے باعث بال گرتے ہیں؟
بوسٹن: پچھلے کافی عرصے سے ماہرین بعض غذائی اجزا کی کمی اور گنج پن (ایلوپیشیا) کے درمیان تعلق پر غور کررہے ہیں اور اب معلوم ہوا ہے کہ کچھ وٹامن، معدنیات اور دیگر خرد غذائی اجزا کی کمی سے بالوں کے گرنے یا سفید ہونے کی رفتار یک دم بڑھ سکتی ہے۔
گنج پن کی عام کیفیت کو ایلوپیشیا کہا جاتا ہے اور یہ عمل بہت پیچیدہ ہوتا ہے، اس ضمن میں ماہرین نے بعض اقسام کے وٹامن پر بھی غور کیا ہے۔ گنج پن بالخصوص مردوں پر زیادہ حملہ آور ہوتا ہے اور صرف امریکا میں ہی 5 کروڑ مرد بالوں کی گراوٹ اور گنج پن کے شکار ہیں۔
اس کے علاوہ ہارمون میں تبدیلی، عمر رسیدگی، جینیاتی وجوہ، جسمانی اور نفسیاتی صدمات اور عوارض سے بھی بال اس سطح تک گرسکتے ہیں کہ وہ گنج پن کی وجہ بن جاتے ہیں۔ میساچیوسٹس جنرل اسپتال سے وابستہ ڈاکٹر اومانائیڈو نے کہا کہ ہمیں بالوں کا اسی طرح خیال رکھنا ہوگا، جیسے ہم اپنے جسم اور چہرے پر دھیان دیتے ہیں۔
ڈاکٹر اوما کے مطابق بی وٹامن اور بالخصوص وٹامن بی 12 کی کمی بالوں کے گرنے کو بڑھاسکتی ہے۔ یہ وٹامن کھوپڑی میں خون کے بہاؤ کو بڑھاتا ہے اور خون کے سرخ خلیات کی پیداوار کا ذمے دار بھی ہے۔ دوسری جانب فولاد خون کی روانی کو بڑھاتا اور جلد کی حفاظت بھی کرتا ہے۔
ایک اور تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ بالخصوص وٹامن ڈی کی کمی سے بال گرنا بڑھ جاتے ہیں۔ دوسری جانب وٹامن ڈی ناصرف ہڈیوں اور جلد کے لیے انتہائی مفید ہے بلکہ کئی امراض کو بھی روکتا ہے۔ اسی طرح وٹامن ای بھی ایک طاقتور اینٹی آکسیڈنٹس ہے، جس کی کمی سے بال باریک اور کمزور ہوجاتے ہیں۔