دنیا کی خوش باش ترین قوم اور ملک کون سا ہے؟

نیویارک: آج کل بیروزگاری اور نوکری کے دباؤ نے لوگوں کو ذہنی مریض بنادیا ہے، بڑھتی مہنگائی نے کمر توڑ دی اور رہی سہی کسر جرائم نے پوری کردی۔
اگر آپ بہترین معیار زندگی کے حامل ملک میں رہنا چاہتے ہیں جہاں کے لوگ خوش باش اور جو خوش حال بھی ہو تو فن لینڈ آپ کی منزل ہے۔
یورپی ملک فن لینڈ مسلسل 10 برسوں سے دنیا کا سب سے خوشحال ملک قرار دیا جارہا ہے اور اب بھی 7.741 کے مجموعی اسکور کے ساتھ سرفہرست ہے۔
فن لینڈ میں امیر اور غریب کے درمیان فرق دیگر ممالک کی نسبت کم ہے۔ کرپشن نہ ہونے کے برابر ہے، عوامی نقل و حمل مؤثر ہے اور لوگوں کو مضبوط سماجی حمایت حاصل ہے۔
اس کے علاوہ، یہاں کا تعلیمی نظام بھی بہترین ہے اور رہائشی پالیسی بھی بہت مضبوط ہے۔
فن لینڈ کا صحت کا نظام بھی عالمی سطح پر بہت سراہا جاتا ہے، جہاں کووڈ کی وبا کے بدترین دنوں میں بھی کم انتظار کا سامنا کرنا پڑا۔
فن لینڈ دنیا کے سب سے محفوظ ممالک میں سے ایک ہے، جہاں جرائم کی شرح بہت کم ہے۔
خیال رہے کہ دنیا کے سب سے خوش حال ملک اور خوش رہنے والی قوم کا تعین کرنے کے لیے ورلڈ پاپولیشن ریویو کے محققین نے گزشتہ 3 سال میں 143 ممالک کے سروے کے ڈیٹا کا مطالعہ کیا تھا۔
جس میں خوشی کا اندازہ 6 عوامل پر کیا گیا جن میں اقتصادی دولت (فی کس جی ڈی پی)، سماجی حمایت، زندگی کی متوقع مدت، ذاتی آزادی، سخاوت اور کرپشن کی سطح شامل ہیں۔
اس طرح مجموعی اسکورز کو جمع کیا گیا اور ایک خیالی انتہائی ناخوش ملک کے خلاف ناپا گیا، جو خوشی کی کم ترین سطح کے طور پر کام کرتا ہے۔
دنیا کے خوش حال ترین ممالک میں فن لینڈ کے بعد دوسرے نمبر ڈنمارک ہے جس کے بعد آئی لینڈ، سویڈن، اسرائیل، نیدرلینڈز اور ناروے کا نمبر آتا ہے۔
خوش ترین ممالک کی اس فہرست میں 145 ممالک میں سے پاکستان کا نمبر 108 جب کہ بھارت کا 126 واں نمبر ہے۔