وزن کم کرنے والے انجکشن بچوں کے لیے بھی محفوظ قرار

کراچی: نئی تحقیق کے مطابق موٹاپے کا شکار 6 سال یا اس سے زیادہ عمر کے بچوں کو مخصوص حالات میں وزن کم کرنے والے جی ایل پی-1 انجیکشنز سے فائدہ پہنچ سکتا ہے۔
برطانیہ میں این ایچ ایس کے خصوصی مراکز پہلے ہی محدود شرائط کے تحت 18 سال سے کم عمر شدید موٹاپے کے شکار بچوں کو مونجارو یا ویگووی جیسے انجیکشن تجویز کرسکتے ہیں، خاص طور پر جب وزن کی وجہ سے سنگین طبی پیچیدگیاں پیدا ہوچکی ہوں اور دیگر علاج مؤثر ثابت نہ ہوئے ہوں۔
کینیڈا کے محققین کی نئی جائزہ تحقیق اور میٹا اینالیسز میں 6 سے 18 سال کی عمر کے 750 سے زائد بچوں پر ہونے والے 9 مطالعات کا تجزیہ کیا گیا۔
تحقیق کے مطابق یہ ادویہ نہ صرف وزن کم کرنے میں مددگار ثابت ہوئیں بلکہ ہائی بلڈ پریشر میں کمی اور معیارِ زندگی بہتر بنانے میں بھی فائدہ مند رہیں۔
تاہم، محققین نے خبردار کیا کہ ان انجکشنز کا ایک عام ضمنی اثر متلی بچوں میں نسبتاً زیادہ دیکھا گیا۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ ان ادویہ کا استعمال صرف ڈاکٹر کی نگرانی میں اور مناسب طبی جانچ کے بعد ہی کیا جانا چاہیے جبکہ مزید تحقیق سے ان کے طویل مدتی اثرات کو بہتر طور پر سمجھنے میں مدد ملے گی۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔