وسیم اکرم کا ون ڈے کرکٹ ختم کرنے کا مطالبہ

لندن: سوئنگ کے سلطان وسیم اکرم نے ون ڈے کرکٹ ختم کرنے کا مطالبہ کردیا، اُن کا کہنا ہے کہ اب انٹرنیشنل کرکٹ سے ون ڈے کو ختم کردینا چاہیے۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم نے معروف برطانوی اخبار ٹیلی گراف سے بات چیت کے دوران کہا کہ بین اسٹوکس کا ون ڈے کرکٹ سے ریٹائر ہونا افسوس ناک ہے لیکن میں ان سے متفق ہوں کہ انہوں نے ٹیسٹ اور ٹی ٹوئنٹی کرکٹ پر توجہ مرکوز کرنے کے لیے ون ڈے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے لی۔
وسیم نے کہا کہ ون ڈے کرکٹ ختم ہورہی ہے، کرکٹ حکام کو بھی اب 50 اوورز کی کرکٹ ختم کرنے پر غور کرنا چاہیے، بحیثیت کمنٹیٹر مجھے اب ون ڈے کرکٹ طویل لگتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اب صرف ٹیسٹ اور ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ہے، ٹی ٹوئنٹی آسان ہے چار گھنٹے میں کھیل ختم ہوجاتا ہے اور دوسری جانب ون ڈے کرکٹ ایسا لگتا ہے جیسے میچ کئی دنوں تک ہورہا ہے، ایک روزہ میچ کھلاڑیوں کے لیے بھی تھکا دینے والا ہوتا ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ اسی لیے اب کھلاڑی ٹی ٹوئنٹی اور ٹیسٹ پر فوکس کررہے ہیں، میرے خیال میں ون ڈے کرکٹ کو اب انٹرنیشنل کیلنڈر سے ختم کردینا چاہیے۔
سابق کپتان نے کہا کہ انگلینڈ میں ہاؤس فل ہوتا ہے جب کہ پاکستان، بھارت، بنگلادیش، سری لنکا اور جنوبی افریقا میں ون ڈے میچز کے دوران اسٹیڈیمز فل نہیں ہوتے۔
ان کا کہنا تھا کہ اب ہر طرف ٹی ٹوئنٹی لیگز ہورہی ہیں اور اس میں پیسہ بھی بہت ہے، اسی لیے کھلاڑی مختصر فارمیٹ کی کرکٹ کو ترجیح دیتے ہیں۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔