لوگوں سے گلے ملنے پر ولاگر کو دو ماہ قید کی سزا
الجیئرز: ولاگر کو سڑکوں پر راہ گیروں سے بغیر کسی وجہ کے گلے ملنے کے جرم میں گرفتار کرکے جیل بھیج دیا گیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق 30 سالہ محمد رمزی الجزائر میں ولاگر ہیں جنہیں حال ہی میں راہ گیروں سے گلے ملنے پر غیر اخلاقی رویے کا مجرم قرار دیا گیا ہے۔ شہری کو سڑک پر چل رہے ہر ایرے غیرے کو گلے لگانے کے جرم میں دو ماہ قید کی سزا اور 50 لاکھ دینار جرمانے کی سنائی گئی ہے۔
محمد رمزی نے ایک مشہور یورپی ولاگر سے متاثر ہوکر ایک ٹک ٹاک ویڈیو پوسٹ کی تھی جس میں انہیں لوگوں کو گلے لگاتے ہوئے دکھایا گیا۔ ویڈیو نےعوام میں شدید غم و غصے کو جنم دیا کیونکہ مسلم ملک ہونے کی وجہ سے الجزائر میں اس قسم کا رویہ ناقابل قبول ہے۔
عوام کی جانب سے شدید تنقید پر اگرچہ محمد رمزی نے معذرت کی، تاہم تب تک بہت دیر ہوچکی تھی۔ واقعہ گزشتہ سال کا ہے جب ایک عدالت نے انہیں تمام الزامات میں بے قصور قرار دیا تھا، تاہم استغاثہ نے اس فیصلے کے خلاف اپیل کی جس پر کیس الجزائر کی جوڈیشل کونسل کو منتقل ہوگیا اور اب ایک سال بعد کونسل نے محمد رمزی کو بالآخر مجرم قرار دیتے ہوئے دو ماہ قید اور 50 لاکھ دینار جرمانے کی سزا سنادی ہے۔
رمزی پر سرعام گلے ملنے کے ناشائستہ رویے اور دوسری ویڈیو جس میں مختصر لباس پہنے لڑکیوں کو دکھایا گیا تھا، کی وجہ سے بے حیائی کے مظاہرے کا الزام لگایا گیا تھا۔