ورون دھون نے ابرار الحق سے اظہار تشکر کیوں کیا؟

ممبئی: بولی وُڈ کے اُبھرتے ہوئے اداکار ورون دھون پاکستانی گلوکار ابرارالحق کے شکر گزار ہیں، انہوں نے ابرار کے واسطے پیغام جاری کیا ہے جو سوشل میڈیا کی زینت بنا ہوا ہے۔
اداکار ورون دھون ایک وائرل ویڈیو کلپ میں ابرارالحق کا شکریہ ادا کرتے ہوئے نظر آہے ہیں، ورون دھون کہتے ہیں کہ میں ابرار جی کو یہی کہنا چاہوں گا کہ انہوں نے اوریجنل گانا بہت بہترین گایا، ہمیں بہت اچھا لگا، جو ہماری میوزک کمپنی ہے اس نے گانے کے حقوق خریدے اور اب یہ گانا کافی اچھا چل رہا ہے، شکریہ ابرار۔
واضح رہے کہ معروف ہدایت کار کرن جوہر اور ان کے پروڈکشن ہاؤس ’دھرما‘ نے اپنی نئی فلم ’جُگ جُگ جیو‘ میں ابرارالحق کا مشہور گانا ’نچ پنجابن‘ تبدیل کرکے استعمال کیا ہے۔ جس پر ابرارالحق نے اظہار برہمی کرتے ہوئے اجازت کے بغیر گانا ’’نچ پنجابن‘‘ اپنی فلم میں استعمال کرنے کا الزام لگایا تھا۔
بعد ازاں T-Series نے اپنے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا تھا کہ T-Series نے گانے کے حقوق قانونی طور پر حاصل کیے ہیں جبکہ کرن جوہر نے فلم میں گانے کا کریڈٹ ابرار الحق کو بھی دے دیا تھا، تاہم ابرارالحق نے اسے قبول کرنے سے انکار کر دیا تھا۔
جگ جگ جیو میں شامل یہ گانا تیزی سے مقبولیت کے ریکارڈ قائم کررہا ہے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔