فضا کا ریٹنگ کیلئے ہر حد تک جانے کا شوق پرانا ہے، عظمیٰ بخاری
لاہور: پنجاب کی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے اداکارہ فضا علی کی وائرل ویڈیو پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ اداکارہ کا ریٹنگ حاصل کرنے کا یہ پرانا شوق ہے۔
ایک انٹرویو میں میزبان نے عظمیٰ بخاری سے فضا علی کی وائرل ویڈیو پر سوال کیا جس پر انہوں نے کہا کہ یہ بہت افسوس ناک ہے، پیمرا کو تو دیکھنا چاہیے اور مجھے لگتا ہے پیمرا اسے دیکھے گا بھی، لیکن خود کی اخلاقیات کہاں ہیں؟
انہوں نے کہا کہ اداکارہ کی 8 سے 10 سال کی بچی ہے، اسے خود اپنے پاس بٹھایا ہوا ہے اور کیمرے کے سامنے اس قسم کی حرکتیں کررہی ہیں، ذاتی زندگی بھی کسی چیز کا نام ہے۔
عظمیٰ بخاری نے مزید کہا کہ ٹھیک ہے آپ خوش ہیں، اللہ آپ کو خوش رکھے، اچھی زندگی گزاریں، لیکن اس کا یہ مطلب نہیں، سرعام یہ سب کررہے ہیں اور پھر اسے ٹی وی پر نشر بھی کیا جارہا ہے، اسے روکا بھی جاسکتا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ فضا بی بی کا ریٹنگ حاصل کرنے کے لیے ہر حد تک جانے کا ایک پرانا شوق ہے، وہ اپنا شوق پورا کررہی ہیں لیکن دیکھ کر بہت تکلیف ہوئی۔
خیال رہے کہ چند روز قبل لائیو ٹی وی شو کے دوران فضا علی کو ان کے شوہر کی جانب سے کندھے پر اُٹھانے کی ویڈیو وائرل ہوئی تھی، جس پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے شدید تنقید کا سلسلہ جاری ہے۔