امریکا کا بی ایل اے، مجید بریگیڈ کو دہشتگرد قرار دینا بھارت کی شکست ہے، محسن نقوی

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کالعدم بی ایل اے اور کالعدم مجید بریگیڈ کو دہشت گرد تنظیمیں قرار دینے کے امریکی فیصلے کا خیرمقدم کیا ہے۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے اپنے بیان میں کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کی انتظامیہ کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہیں۔ یہ پاکستان کی سفارتی محاذ پر اہم کامیابی اور ہمارے ازلی دشمن کے لیے ایک اور شکست ہے۔ امریکی اقدام دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی لازوال قربانیوں کا اعتراف ہے۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف پاک امریکا تعاون خوش آئند ہے۔ کالعدم بی ایل اے اور کالعدم مجید بریگیڈ کے خلاف عالمی سطح پر کارروائی کی راہ ہموار ہوئی ہے۔ دہشت گردوں کے خلاف مشترکہ موقف وقت کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ امریکی اقدام سے خطے میں امن و استحکام کو فروغ ملے گا۔