نوجوان کے لیے دو گھنٹے موبائل فون کا استعمال مفید قرار

سول: نئی تحقیق میں انکشاف ہوا ہے کہ اسمارٹ فون کا چار گھنٹوں سے زیادہ کا استعمال نوجوانوں کے ذہنی صحت کے مسائل میں مبتلا ہونے کے خطرات رکھتا ہے۔
جنوبی کوریا کی ہین یانگ یونیورسٹی میں کی جانے والی ایک تحقیق میں 2017 سے 2020 کے درمیان 50 ہزار کے قریب کورین افراد سے دو طویل سوال نامے پُر کروائے گئے۔
ایک سوال نامے میں ان افراد سے ان کی جسمانی اور ذہنی صحت کے متعلق پوچھا گیا جب کہ دوسرے میں ان لوگوں نے اپنے اسمارٹ فون استعمال کے دورانیے کے متعلق بتایا۔
جرنل پی ایل او ایس ون میں شائع شدہ مطالعے میں محققین نے سوال ناموں سے حاصل ہونے والے ڈیٹا کو استعمال کرتے ہوئے اسمارٹ فون کے استعمال اور صحت پر مرتب ہونے والے اثرات کے درمیان تعلق کا (عمر، جنس اور سماجی و معاشی رتبے کا خیال رکھتے ہوئے) جائزہ لیا۔
تحقیق میں معلوم ہوا کہ وہ افراد جو روزانہ ایک سے دو گھنٹے کے درمیان فون استعمال کرتے تھے ان میں ڈپریشن، خودکشی کے خیالات، نیند کے مسائل، ذہنی دباؤ اور شراب نوشی کی لت کے خطرات فون بالکل استعمال نہ کرنے والے افراد کی نسبت کم تھے۔
البتہ، وہ افراد جو چار گھنٹے سے زیادہ وقت اپنے فون پر صرف کرتے تھے ان میں اِن ذہنی صحت کے مسائل اور نشہ آور اشیاء کے استعمال کی شرح اعتدال کے ساتھ ڈیوائس استعمال کرنے والوں کے مقابلوں میں 22 فیصد تک زیادہ تھی۔
تحقیق کے مصنفین نے رپورٹ میں لکھا کہ خودکشی کی کوششوں کے خلاف فون کا ایک سے دو گھنٹے کے درمیان استعمال محفوظ پایا گیا۔ نتائج کے مطابق روزانہ اسمارٹ فون کا دو گھنٹوں سے کم استعمال ذہنی صحت پر بالکل بھی استعمال نہ کیے جانے کے مقابلے میں زیادہ مفید اثرات رکھتا ہے۔
تحقیق میں دیکھا گیا کہ وہ نوجوان جو دو گھنٹے سے کم وقت سوشل میڈیا پر صرف کرتے تھے ان میں ذہنی دباؤ کے خطرات 30 فیصد، نیند کے مسائل 27 فیصد، ڈپریشن کے اندیشے 38 فیصد، خودکشی کے خیالات 43 فیصد اور شراب نوشی لت کے خدشات 47 فیصد تک کم تھے۔

 

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔