اُشنا شاہ کا شادی کے لباس پر تنقید کرنے والوں کو کرارا جواب

کراچی: پاکستانی ڈراموں کی مقبول اداکارہ اُشنا شاہ گزشتہ روز شادی کے بندھن میں بندھ گئیں، انہوں نے اپنی شادی کے جوڑے اور رقص پر تنقید کرنے والوں کو کرارا جواب دیا ہے۔
اداکارہ اشنا جہاں سوشل میڈیا پر ٹاپ ٹرینڈز میں شامل ہیں، وہیں انہیں اپنی شادی کے لباس اور رقص کرنے پر سوشل میڈیا پر شدید تنقید کا بھی سامنا ہے۔
اشنا شاہ کی شادی کی وائرل ویڈیوز اور تصاویر پر سوشل میڈیا صارفین کا تبصرہ کرتے ہوئے کہنا ہے کہ اداکارہ نے اپنی شادی کے دن عریاں لباس پہن کر پاکستانی رسم و رواج کو مجروح کیا، ساتھ ہی ان کے مغربی ڈانس اسٹائل پر بھی انہیں تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔

اس شدید تنقید پر اشنا شاہ بھی خاموش نہ رہ سکیں اور تنقید کا نشانہ بنانے والوں کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے خوب کھری کھری سُنا ڈالی۔
اداکارہ اُشنا شاہ نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری پر لکھا کہ وہ لوگ جنہیں میرے لباس سے مسئلہ ہے انہیں نہ میں نے شادی میں مدعو کیا تھا نہ ہی انہوں نے میرے لباس اور جیولری کے پیسے دیے تھے، میرا لباس، میری جیولری سب پاکستانی ہے البتہ میرا دل آدھا آسٹرین ہے۔
انہوں نے اپنے اور شوہر کے لیے دعا کرتے ہوئے مزید لکھا کہ اللہ ہمیں خوش رکھے آمین۔
خیال رہے کہ اشنا شاہ نے حال ہی میں اپنے دوست اور پاکستانی گالفر حمزہ امین سے منگنی کی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کی تھیں، اداکارہ اور ان کے شوہر پاکستانی اور آسٹرین شہریت رکھتے ہیں۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔