افغانستان میں معاشی بدحالی سے لاکھوں لوگ متاثر ہوسکتے ہیں، گوتریس
نیویارک: سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ انتونیو گوتریس کا کہنا ہے کہ افغانستان میں معاشی بدحالی سے لاکھوں لوگ متاثر ہوسکتے ہیں، چاہتے ہیں افٖغانستان دہشت گردی کا گڑھ نہ بنے۔
سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے ایک انٹرویو کے دوران کہا کہ طالبان سے مذاکرات جاری رکھنا ہوں گے، ان مذاکرات سے عالمی برادری افغانوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرسکتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ انسانی حقوق اور خواتین کے حقوق کا احترام چاہتے ہیں، کہیں خواتین وہ حقوق نہ کھو دیں جو انہوں نے پہلے حاصل کیے، طالبان کو منشیات کے خلاف جنگ میں تعاون کرنا ہوگا۔
دوسری جانب امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس نے کہا کہ نئی افغان حکومت کے ساتھ تعلقات کے معاملے پر غور کررہے ہیں، طالبان کے وعدوں پر عمل ہوتا دیکھنا چاہتے ہیں، نیڈ پرائس نے کابل سے بین الاقوامی پروازوں کی بحالی کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ طالبان حکام کے ایسے مزید اقدامات پر عالمی برادری خوش ہوگی۔ پُرامن انخلا کے معاملے پر طالبان نے اپنی ذمے داری پوری کی۔