کامیڈی کنگ عمر شریف علاج کے لیے امریکا روانہ

کراچی: کامیڈی کنگ عمر شریف علاج کے لیے ایئر ایمبولینس کے ذریعے براستہ جرمنی امریکا روانہ ہوگئے۔
اداکار عمر شریف علاج کے لیے ایئر ایمبولینس کے ذریعے براستہ جرمنی امریکا روانہ ہوگئے۔ عمر شریف کی اہلیہ زرین عمر بھی ایئر ایمبولینس میں ان کے ساتھ سفر کررہی ہیں۔
عمر شریف کی روانگی سے قبل ڈاکٹرز کی ٹیم نے ایئر ایمبولینس میں ان کا طبی معائنہ کیا۔ ایف آئی اے کی جانب سے ضروری سفری کارروائی مکمل کی گئی جب کہ سی اے اے کی جانب سے ایئر پورٹ منیجر عمران خان نے انتظامات مکمل کیے۔

اس سے قبل عمر شریف کو آغا خان اسپتال سے ایمبولینس کے ذریعے ایئرپورٹ روانہ کیا گیا تھا۔ روانگی سے قبل عمر شریف کی اہلیہ زرین عمر نے کہا تھا ہائی رسک فلائٹ ہے دعا کریں سب ٹھیک رہے۔ خیال رہے ایئر ایمبولینس گزشتہ روز عمر شریف کو لینے کراچی پہنچی تھی۔

ذرائع کے مطابق امریکا میں مقیم امراض قلب کے ماہر ڈاکٹر اور اداکارہ ریما خان کے شوہر ڈاکٹر طارق شہاب نے واشنگٹن میں عمر شریف کے علاج معالجے کے تمام انتظامات کیے ہیں اور وہ پاکستانی ڈاکٹروں سے مسلسل رابطے میں ہیں۔
بتایا گیا ہے عمر شریف کو ایئرایمبولینس کے ذریعے جارج واشنگٹن اسپتال منتقل کیا جائے گا، جہاں ان کے دل کے والو کا ایک بالکل نئی تکنیک مائٹرل والو کلپنگ کے ذریعے علاج کیا جائے گا۔ اس ٹیکنالوجی کی بدولت اوپن ہارٹ سرجری کے بغیر ہی والو کا علاج کیا جاتا ہے۔
واضح رہے کہ عمر شریف کی پچھلے دنوں سے خاصی طبیعت ناساز ہے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔