عمر شریف کا جسد خاکی بدھ کی علی الصبح کراچی پہنچے گا

کراچی: کامیڈی کنگ مرحوم کے اہل خانہ کے مطابق عمر شریف کی نماز جنازہ اور تدفین بدھ کی شام ہوگی۔
نجی ٹی وی کے مطابق عمر شریف مرحوم کے اہل خانہ کا کہنا ہے کہ عمر شریف کی میت آج جرمنی سے براستہ استنبول کراچی لائی جائے گی، عمر شریف کا جسدِ خاکی کل صبح 5 بج کر 45 منٹ پر ترکش ایئرلائن سے کراچی پہنچایا جائے گا۔ اس حوالے سے سول ایوی ایشن نے تمام انتظامات مکمل کرلیے ہیں۔
اس کے علاوہ ترکش ایئرویز کی پرواز ٹی کے 0708 کے ذریعے بیوہ زرین غزل بھی کراچی پہنچیں گی۔
عمر شریف کے اہل خانہ کا کہنا ہے کہ ایئرپورٹ سے میت کو سماجی ادارے کے سرد خانے منتقل کیا جائے گا، نماز جنازہ کل سہہ پہر 3 بجے عمر شریف پارک کلفٹن میں ادا کی جائے گی، مرحوم کو حضرت عبداللہ شاہ غازی کے مزار سے متصل قبرستان میں سپردِخاک کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ عمر شریف کو علاج کے لیے امریکا لے جاتے ہوئے جرمنی میں چند دن قیام کرنا پڑا تھا، تاہم وہ وہیں دوران علاج انتقال کرگئے تھے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔