ترکیہ، شام میں زلزلے سے اموات کی تعداد 23 ہزار سے تجاوز
انقرہ/ دمشق: گزشتہ دنوں ترکیہ اور شام میں آنے والے تباہ کن زلزلے سے اموات کی تعداد 23 ہزار سے تجاوز کرگئی۔
امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق پیر کو آنے والے 7.8 شدت کے زلزلے کے بعد 7.6 شدت کا ایک اور زلزلہ آیا، جس نے مزید تباہی پھیلائی۔
زلزلے کے جھٹکے قبرص، یونان، شام، اردن، لبنان اور فلسطین میں بھی محسوس کیے گئے جب کہ قیامت خیز تباہی کے بعد 300 سے زیادہ آفٹر شاکس آچکے ہیں۔
ترک وزیر صحت کے مطابق زلزلے سے ترکیہ میں 20 ہزار 213 افراد ہلاک ہوگئے ہیں جب کہ 80 ہزار سے زائد زخمی ہیں۔ اسی طرح شام میں زلزلے سے ہلاکتوں کی تعداد 3 ہزار 384 ہوگئی ہے۔
ملبے تلے اب بھی متعدد افراد کے پھنسے ہونے کا خدشہ ہے، انہیں نکالنے کے لیے دن رات ریسکیو آپریشن جاری ہے تاہم شدید سردی اور بعض علاقوں میں برفباری کے باعث متاثرین کو کٹھن حالات کا سامنا ہے اور امدادی کارروائیوں میں بھی مشکلات پیش آرہی ہیں۔
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیوگوتریس کا کہنا ہے کہ امدادی پروگرام کے سربراہ ترکیہ، شام کا دورہ کریں گے، زلزلہ زدہ علاقوں میں لوگوں کو مرنے سے بچانے کے لیے ہر ممکن مدد کی ضرورت ہے۔