امارات اسرائیل معاہدہ کرانے پر ٹرمپ نوبل انعام کیلیے نامزد
واشنگٹن: ٹرمپ کو متحدہ عرب امارات اور اسرائیل کے درمیان امن معاہدہ کرانے پر ناروے کے پارلیمنٹرین کی جانب سے نوبل انعام 2021 کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق ناروے کے رکن اسمبلی کرسچیئن ٹیبرنگ نے امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو دنیا میں امن کی کاوشوں بالخصوص اسرائیل اور متحدہ عرب امارات کے درمیان برسوں کی رنجشیں ختم کرواکے امن معاہدے کے لیے راضی کرنے اور مشرق وسطیٰ میں پائیدار امن کی راہ ہموار کرنے پر نوبل امن انعام 2021ء کے لیے نامزد کردیا۔
ناروے کے پارلیمنٹرین نے صدر ٹرمپ کی نوبل انعام کےلیے نامزدگی کے لیے خط میں لکھا کہ میرے خیال میں ٹرمپ نے دنیا میں قیام امن کی خاطر نوبل امن انعام کے لیے دیگر تمام نامزد کردہ افراد کی نسبت سب سے زیادہ کوشش کی ہیں۔ صدر ٹرمپ نے اسرائیل اور متحدہ عرب امارات کے درمیان امن معاہدہ کرایا انہونی تھا لیکن انہوں نے کردکھایا۔
صدر ٹرمپ بھی گزشتہ برسوں میں دو سے زائد بار خود کو نوبل انعام ملنے کی خواہش کا اظہار کرچکے ہیں اور جاپانی وزیراعظم نے اُن کی خواہش پر نوبل انعام 2018 کے لیے صدر ٹرمپ کو سنگاپور سمٹ پر نامزد بھی کیا تھا لیکن وہ یہ انعام حاصل نہ کرپائے تھے۔
خیال رہے کہ گزشتہ برس نوبل امن انعام ایتھوپیا کے وزیرِاعظم ابی احمد کو اپنے بدترین دشمن ملک اریٹیریا کے ساتھ امن قائم کرنے کی وجہ سے دیا گیا تھا جب کہ رواں برس نوبل انعام کے لیے 300 سے زائد نامزدگیاں ہوچکی ہیں جن میں سے کامیاب امیدوار کا اعلان اگلے ماہ متوقع ہے۔