ٹرمپ نے سی این این کیخلاف ہتک عزت کا مقدمہ دائر کردیا
واشنگٹن: امریکا کے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی نیوز چینل سی این این کے خلاف ہتک عزت کا مقدمہ دائر کرتے ہوئے ساڑھے 47 کروڑ ڈالر ہرجانہ طلب کیا ہے۔
بیرون ملک کے خبر رساں ادارے کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکا کے شہر فلوریڈا کی ڈسٹرکٹ کورٹ میں مقدمہ دائر کیا، ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ سی این این نے اُن کے خلاف جھوٹا پروپیگنڈے کے تحت الزمات لگائے، جس کی وجہ سے ان کے سیاسی کیریئر کو نقصان پہنچا۔
ٹرمپ نے کہا کہ ان کے خلاف منفی خبریں پھیلائی گئیں اور بدنام کیا گیا تاکہ انہیں سیاسی طور پر ناکام بنایا جاسکے۔
دوسری جانب سی این این نے اس معاملے پر تبصرہ کرنے سے انکار کردیا ہے۔
ری پبلکن پارٹی سے تعلق رکھنے والے ڈونلڈ ٹرمپ نے 29 صفحات پر مشتمل مقدمے میں دعویٰ کیا کہ سی این این طویل عرصے سے ان کے خلاف جھوٹے پروپیگنڈے میں ملوث ہے۔
ٹرمپ نے الزام لگایا کہ سی این این کو خدشہ تھا کہ 2024 کے صدارتی انتخابات میں دوبارہ صدر منتخب ہوجاؤں گا، جس کی وجہ سے ٹی وی چینل نے ان کے خلاف مہم چلائی تھی۔
مقدمے میں دعویٰ کیا گیا کہ ٹرمپ کے خلاف نسل پرستی، روسی غلامی، بغاوت اور جھوٹ بولنے کے الزامات لگائے گئے جب کہ اس کے علاوہ انہیں ہٹلر سے تشبیہہ دینے کی کوشش بھی کی گئی۔
مقدمے میں بتایا گیا کہ 2020 میں صدارتی انتخابات کے دوران ڈونلڈ ٹرمپ کی ڈیموکریٹک پارٹی کو جوبائیڈن کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا، لیکن انہوں نے یہ نہیں کہا تھا کہ وہ دوبارہ الیکشن نہیں لڑیں گے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ آئندہ ہفتوں میں وہ دیگر کمپنیوں کے خلاف مقدمہ دائر کریں گے اور دھمکی دی کہ وہ 6 جنوری 2021 کو امریکا پر حملے کی تحقیقات کرنے والی کانگریس کمیٹی کے خلاف بھی کارروائی کرسکتے ہیں۔