پاکستان، نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقا کے درمیان سہ ملکی سیریز لاہور اور کراچی منتقل
لاہور: پی سی بی نے نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقا کے ساتھ سہ ملکی سیریز لاہور اور کراچی منتقل کردی، دونوں شہر 19 فروری سے شروع ہونے والی چیمپیئنز ٹرافی کی میزبانی بھی کریں گے۔
پی سی بی کے مطابق چار میچز پر مشتمل سہ ملکی سیریز پہلے ملتان میں کھیلی جانی تھی تاہم بورڈ نے اب سیریز قذافی اسٹیڈیم لاہور اور نیشنل اسٹیڈیم کراچی منتقل کردی ہے۔ سہ ملکی سیریز 8 فروری سے شروع ہوگی۔
بورڈ حکام کا کہنا ہے کہ پی سی بی اپنے اَپ گریڈ شدہ اسٹیڈیم پر میچز کھلانے کو تیار ہے۔
واضح رہے کہ کراچی اور لاہور اسٹیڈیم کی اہم اَپ گریڈیشن اور تزئین و آرائش کا کام اب بھی جاری ہے۔ اس لیے رواں سال سات ٹیسٹ میچز کی میزبانی کے لیے دونوں اسٹیڈیم دستیاب نہیں ہیں۔
کراچی میں انگلینڈ کے خلاف ایک ٹیسٹ میچ شیڈول کیا گیا تھا تاہم بعد ازاں اس کو بھی ملتان منتقل کردیا گیا۔ پاکستان کے دورے پر آنے والی ویسٹ انڈیز ٹیم بھی دو ٹیسٹ میچز ملتان میں ہی کھیلے گی۔
پی سی بی نے واضح کیا ہے کہ قذافی اسٹیڈیم کا اپ گریڈیشن کام جنوری کے آخری ہفتے میں مکمل کر لیا جائے گا۔