شیخوپورہ: ٹرین اور مسافر کوسٹر میں خوف ناک تصادم، 20 سکھ یاتری ہلاک
شیخوپورہ: ریلوے پھاٹک پر مسافر کوسٹر ٹرین کی زد میں آنے سے 20 افراد ہلاک جب کہ 8 زخمی ہوگئے۔ ترجمان ریلوے کے مطابق 20 مسافر ہلاک ہوچکے ہیں۔
نجی ٹی وی نے بتایا کہ شیخورہ کے علاقے فاروق آباد میں جاتری روڑ پر واقع ریلوے پھاٹک پر مسافر کوسٹر کراچی سے لاہور جانے والی شاہ حسین ایکسپریس سے ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں کوسٹر میں سوار متعدد افراد جاں بحق اور زخمی ہوگئے۔
حادثے میں زخمی ہونے والوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کردیا گیا، طبی عملے نے حادثے میں 19 افراد کے جاں بحق جب کہ 8 کے زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے۔ زخمیوں میں سے کچھ کی حالت تشویش ناک ہے۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ کوسٹر میں سکھ خاندان سوار تھا جس کا تعلق پشاور سے تھا، خاندان کے تمام افراد قریبی عزیز کی فوتگی پر ننکانہ صاحب آئے تھے، ننکانہ صاحب سے واپس پشاور جاتے سچا سودا گردوارہ کے پاس کوسٹر بس ڈرائیور نے پھاٹک سے پیچھے کچے راستے سے بس گزارنے کی کوشش کی، اسی دوران کوسٹر کراچی سے لاہور جانے والی شاہ حسین ایکسپریس سے ٹکرا گئی۔
ترجمان محکمہ ریلوے کا کہنا ہے کہ وزیر ریلوے شیخ رشید نے واقعے کے ذمے داروں کے خلاف فوری کارروائی کا حکم دیا ہے، ڈی ای این کو فوری طور پر معطل کردیا گیا ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے شیخوپورہ ٹرین حادثے میں ہلاکتوں پر افسوس ظاہر کرتے ہوئے زخمیوں کو فوری طبی امداد دینے کی ہدایت کی ہے۔