وزیراعظم نے دورۂ سعودی عرب کی دعوت قبول کرلی

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے محمد بن سلمان کی دورۂ سعودی عرب کی دعوت قبول کرلی۔
ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چوہدری نے ہفتہ وار میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ نویں ہارٹ آف ایشیا وزرائے خارجہ کانفرنس تاجکستان میں ہوئی، جس میں وزیر خارجہ شاہ محمود نے افغان معاملے کے پُرامن حل پر پاکستان کا موقف پیش کیا اور شرکا کو بتایا افغان معاملے کا حل مذاکرات ہیں، وزیر خارجہ نے ایران، ترکی، آذر بائیجان اور افغان صدور سے ملاقات کی اور افغان امن عمل کے حوالے سے آگاہ کیا۔
زاہد حفیظ چوہدری نے بتایا کہ وزیراعظم عمران خان سے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی فون پر گفتگو ہوئی اور ولی عہد نے وزیراعظم کو دورۂ سعودی عرب کی دعوت دی، جو انہوں نے قبول کرلی۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارتی قابض فورسز نے دو ہفتوں میں مزید چھ کشمیری شہید کردیے، پاکستان ماورائے عدالت اور نام نہاد سرچ آپریشن کی مذمت کرتا ہے، بھارتی اقدامات عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہیں، پاکستان کشمیر میں ماورائے عدالت قتل کی جوڈیشل انکوائری کا مطالبہ کرتا ہے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔