کالعدم ٹی ایل پی کا لاہور میں مرکزی دھرنے سمیت ہر جگہ پر احتجاج ختم

کالعدم تحریک لبیک پاکستان نے لاہور میں مسجد رحمت اللعالمین کے باہر دھرنا ختم کردیا۔ وزیر اطلاعات فواد چودھری کا کہنا ہے کہ تحریک لبیک سے ان کا معاہدہ مکمل ہوگیا ہے۔ انہوں نے قرارداد ایوان میں پیش کرنے کی بات کی تھی وہ حکومت کی جانب سے پوری کردی گئی ہے۔

دھرنا ختم کیے جانے کے اعلان کے بعد دھرنے کے مقام پر دونوں اطراف کی سڑکیں کھول دی گئیں۔ کالعدم تحریک لبیک پاکستان کے کارکنان منتشر ہو گئے ہیں اور لاہور کی سڑکوں پر دونوں اطراف ٹریفک رواں دواں ہے۔

دھرنا ختم کرنے کا اعلان سربراہ مذاکراتی کمیٹی تحریک لبیک پاکستان علامہ شفیق امینی نے کیا۔ اس موقع پر تحریک لبیک شوریٰ کے دیگر ممبران بھی موقع پر موجود تھے۔ شفیق امینی نے کہا کہ حکومت نے قرار داد قومی اسمبلی میں پیش کرکے اپنا وعدہ پورا کردیا۔قومی اسمبلی میں پیش کی گئی قرارداد پر بحث بھی کی گئی۔ حکومت نے وعدہ پورا کر دیا۔ اب احتجاج اور دھرنے کی ضرورت نہیں۔ ہمارے اہم مطالبے پر عمل ہو چکا ہے۔ دھرنا ختم کر دیا گیا۔ مرکزی دھرنے سمیت ہر جگہ پر احتجاج ختم کر دیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دیگر معاملات پر بھی مثبت پیش رفت ہو رہی ہے۔ قائدین تمام معاملات کو دیکھ رہے ہیں۔ کارکن پر امن رہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ سوشل میڈیا پر جھوٹے پروپیگنڈے کے ذریعے انتشار پھیلانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔